گھی قیمتوں میں کمی پر حکومت ملز مذاکرات ناکام

حکومت کا قیمتیں 18 تا 20 روپے گھٹانے پرزور، گھی ملز صرف5روپے کمی پر تیار


Commerce Reporter March 14, 2015
ڈیڈلاک کے باعث گھی ملز اور ڈیلرز نے سپلائی روک دی، مارکیٹ میں قلت کا خدشہ۔ فوٹو: فائل

حکومت اور گھی ملز مالکان کے درمیان قیمتوں میں کمی کے حوالے سے مذاکرات ناکام ہوگئے جس سے مارکیٹ میں قلت بڑھنے کا خطرہ ہے۔

گھی ملز مالکان نے قیمتیں صرف 5 روپے فی کلو کمی پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے حکومتی اعلان کے مطابق قیمتیں کم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ قبل ازیں مذاکرات کی حکومتی پیشکش پر گھی ملز مالکان کی ایسوسی ایشن وناسپتی مینوفیکچرز ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس منسوخ کر دی مگرگھی ملز مالکان نے 3روز سے گھی کی سپلائی بند کررکھی ہے اور ہول سیل ڈیلرز بھی مارکیٹ کوسپلائی نہیں دے رہے، اگر ہفتہ کو سپلائی بحال نہ ہوئی تو اتوارسے مارکیٹ میں گھی اور کو کنگ آئل کی بد ترین قلت پیدا ہو جائے گی۔

کراچی بناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن نے حکومتی کمی کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا اور حکومتی اعلان کے بعد ملز سے گھی و کوکنگ آئل کی سپلائی روک دی تھی، ہول سیل ڈیلرز نے بھی اپنے پاس موجود اسٹاک کم قیمت پر فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ان کا موقف ہے کہ ہم نے زائد قیمت پر گھی اور کوکنگ آئل خریدا ہے، ہم کم قیمت پر کیسے فروخت کر سکتے ہیں۔

بناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاطف اکرم شیخ نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت میں صرف 3 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ حکومت 30 فیصد کمی کر رہی ہے جو سراسر نا انصافی ہے، حکومتی قیمت پر فروخت سے نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مذاکرات میں عالمی قیمت میں کمی کے تناظر میں 5 روپے فی کلو کمی کی پیشکش کی ہے ، اس سے زائد کمی ممکن نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |