ہمارے پاس ماں ہے۔۔۔

حیرت انگیز طور پر میچ کے اختتام تک کوئی لڑائی جھگڑا کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔


ع۔ر February 24, 2015
یہ خواتین حریف ٹیم کے حامی تماشائیوں کی مائیں تھیں!فوٹو: فائل

برازیل کے مقامی اسپورٹس کلب ڈو ریسیف نےحریف ٹیم کے ان حامیوں کی ماؤں کو سیکیورٹی گارڈ رکھ لیا جائے جو میچ کے دوران ' کھپ ' ڈالتے ہیں۔

فٹبال برازیل کا مقبول ترین کھیل ہے۔ یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ فٹبال برازیلی قوم کے خون میں شامل ہے۔مقابلوں کے دوران پُرجوش تماشائیوں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی معمول کی بات ہے۔ بعض اوقات بات تلخ کلامی اور ہاتھاپائی سے بڑھ کر مارپیٹ تک جاپہنچتی ہے جس میں کئی تماشائی زخمی ہوجاتے ہیں۔

ریسیف، تماشائیوں کے دوران ہونے والے جھگڑوں کے حوالے سے قومی ذرائع ابلاغ میں زیربحث چلا آرہا ہے۔ یہاں کے رہائشی فٹبال کے کچھ زیادہ ہی جنونی ہیں۔ یہی وجہ ہے یہاں تقریباً ہر میچ کے دوران اپنی اپنی ٹیم کی حمایت کرتے ہوئے تماشائی آپس میں لڑ پڑتے ہیں۔ریسیف کے ایک فٹبال کلب کی انتظامیہ نے تماشائیوں کو شانت رکھنے کے لیے ایک انوکھا حل ڈھونڈ نکالا۔ چند روز پہلے اسپورٹس کلب ڈو ریسیف کی ٹیم کا حریف ناٹیکوکی ٹیم سے میچ ہوا تھا۔ میچ کے دوران گراؤنڈ کی حدود کے ساتھ ساتھ 30 خواتین گارڈز کی جیکٹ زیب تن کیے نظر آرہی تھیں۔ جیکٹوں پر برازیلی زبان میں Segurança Mae تحریر تھا جس کا انگریزی ترجمہ Security Mom ہوتا ہے۔ دراصل یہ خواتین حریف ناٹیکو ٹیم کے حامی تماشائیوں کی مائیں تھیں!

https://img.express.pk/media/images/Football-mother/Football-mother.webp

تماشائیوں کو پُرامن رکھنے کے لیے سیکیورٹی گارڈز کی خدمات حاصل کرنے کے علاوہ کئی طریقے آزمائے گئے مگر سب بے سُود رہے۔ بالآخر اسپورٹ کلب ڈو ریسیف کی پبلسٹی کے فرائض انجام دینے والی کمپنی کی جانب سے خیال پیش کیا گیا کہ کیوں نہ حریف ٹیم کے ان حامیوں کی ماؤں کو سیکیورٹی گارڈ رکھ لیا جائے جو میچ کے دوران ' کھپ ' ڈالتے ہیں۔ چناں چہ ان خواتین سے رابطہ کرکے انھیں سیکیورٹی گارڈ کی ملازمت کی پیش کش کی گئی۔ تیس خواتین نے یہ پیش کش قبول کرلی جس کے بعد انھیں ایک ماہ تک پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی۔

گذشتہ ہفتے دونوں حریفوں ٹیموں کے درمیان میچ کے دوران انھی خواتین نے گارڈز کے فرائض انجام دیے۔ حیرت انگیز طور پر میچ کے اختتام تک کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ کئی برس کے دوران یہ پہلا موقع تھا جب کلب ڈو ریسیف اور ناٹیکو کی ٹیموں کے درمیان میچ پُرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |