مال خانہ حکام کی لاپرواہی ملزمان سے برآمد کیس پراپرٹی سٹی کورٹ کے احاطے میں ڈال دی گئی

کیمیکل کے ڈرم ، تیزاب ،الیکٹرونکس سامان،گولیاں،بوریوں میں بند خفیہ سامان اوردھماکاخیزموادجلنے سے حادثہ ہوسکتاہے


Arshad Baig February 09, 2015
سٹی کورٹ میں دہشت گردی کے امکان کونظراندازنہیں کیا جاسکتا،پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ فوٹو: فائل

مال خانہ حکام کی غفلت اور لاپروائی سے ملزمان سے برآمد کیس پراپرٹی سٹی کورٹ کے احاطے میں کھلے آسمان تلے پڑی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سٹی کورٹ میں واقع مال خانے کی چھت کے منہدم ہونے کے باعث اس کی تعمیرات کیلیے مال خانہ میں موجود تما م کیس پراپرٹی کو کنٹینرز میں منتقل کیا گیا تھا، بچنے والے کیس پراپرٹی کو کھلے آسمان تلے رکھا گیا تھا، تعمیرات مکمل ہوئے ایک ماہ گزر چکا ہے جو کنٹینرز میں سامان تھا اسے مال خانہ میں منتقل کردیا گیا لیکن ہزاروں مقدمات کے کیس پراپرٹی جس میں کیمیکلز کے ڈرم، تیزاب، الیکٹرونکس سامان، ملزمان سے برآمد شدہ گولیاں اور کافی تعداد میں بوریوں اور تھیلوں میں بند خفیہ سامان، منشیات ودیگر سامان سٹی کورٹ کے احاطے میں پڑا ہے۔

اس دوران اگر بارش ہوجاتی تو کیس پراپرٹی خراب ہوجاتی اور کیس میں ملوث ملزمان کو فائدہ پہنچ سکتا تھا، لیکن کھلے آسمان تلے سامان پڑے رہنے کے باعث جلتی ہوئی ماچس کی تیلی یا سگریٹ پھینکنے پر بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان ہوسکتا ہے کیونکہ مال خانے سے متصل ہی سٹی کورٹ کے احاطے میں سامان پڑا ہے جبکہ جمعہ کی نماز کی ادائیگی کیلیے اسی جگہ اہتمام کیا جاتا ہے اس موقع پر دہشت گردی کے امکان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

سامان کے چوری ہونے کا بھی خدشہ ہے کیونکہ 2پولیس اہلکاروں کو پولیس نے بھاری تعداد میں چرس چوری کرکے جاتے ہوئے گیٹ پر گرفتار کیا تھا جبکہ اے این ایف نے بھی چھاپہ مارا تھا اور چوری کرتے ہوئے کئی افراد کو گرفتار کیا تھا ،کھلے آسمان تلے رکھے ہوئے سامان کی نگرانی کیلیے کوئی سیکیورٹی موجود نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں