بلدیاتی نظام کیخلاف اندرون سندھ احتجاج جاریپولیس اہلکارہلاک

نواب شاہ میں ہڑتال،سکرنڈروڈ پرکار،ایئرپورٹ تھانے میں5موٹرسائیکلیں جلادی گئیں


پی پی حکومت نے سندھ کو توڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے،قادرمگسی،احمدنوناری ودیگر۔ فوٹو فائل

نئے بلدیاتی نظام کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں دوسرے روزبھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

گاڑیاں،موٹرسائیکل جلادیں گئیں،مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے،کئی کو گرفتار کرلیاگیا۔نواب شاہ میں دوسرے روز بھی ہڑتال کی گئی اور مختلف مقامات پرقوم پرست کارکن ئے بلدیاتی نظام کے خلاف مظاہرے کیے۔ غریب آباد، سکرنڈ روڈ ، اسپتال روڈ اور پریس کلب روڈ پر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں۔سکرنڈ روڈ پر مظاہرے کے دوران گولی لگنے سے پولیس اہلکار ہلاک،دو زخمی ہوگئے جبکہ جسقم، جئے سندھ اور جسمم کے 52 کارکن گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے،آنسو گیس کی شیلنگ اورہوائی فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا شرپسندوں نے سکرنڈ روڈ پر کھڑی کار کو آگ لگادی۔

ایئر پورٹ تھانے میں کھڑی پانچ موٹر سائیکلیں بھی جلادی گئیں۔خیرپوراور نوشہروفیروز سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی بلدیاتی نظام کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔خیرپور اورنوشہرو فیروز میں وکلا نے بھی عدالتی امورکا بائیکاٹ کیا ۔حیدرآباد میں سندھ بچائو تحریک کے سیکڑوں کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی میں شریک مشتعل خواتین کارکنوں نے پیپلزپارٹی کے ضلعی صدرحاجی امین لاکھوکے بنگلے کا گھیرائوکیا،انڈے پھینکے اوربنگلے کے دروازے پر چوڑیاں اور توا باندھ دیا۔ مشتعل مظاہرین نے ڈی سی آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر حیدرآباد بدین روڈ بلاک کر دیا جس کے باعث 4 گھنٹے تک مذکورہ روٹ پرٹریفک معطل رہی۔

سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر احمد نوناری و دیگر کا کہنا تھا کہ نام نہاد بلدیاتی نظامبل منظورکرنے والے سندھ کے غدار ہیں، قاسم آباد میں دوسرے روز بھی جزوی ہڑتال رہی،مٹھی،ماتلی، تلہار میں مظاہرے کیے گئے، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور 40کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔تاہم ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہا۔ قاسم آباد کے مختلف علاقوں میں دوپہرکے وقت تک دُکانیں کھلنا شروع ہوئیں تو نامعلوم مسلح افراد نے زبردست ہوائی فائرنگ کر کے کُھلنے والی دُکانیں بند کرادیں۔ ہوائی فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔تاہم پولیس کی بھاری نفری کے پہنچنے پر مسلح افراد فرارہوگئے۔ پولیس نے بند ہونے والی دُکانیں دوبارہ کھلوا دیں۔

تاہم رات گئے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کردیے تھے۔ علاوہ ازیں خیبرنیشنل ہائی وے پر قوم پرستوں کی جانب سے 3 گھنٹے دھرنا دیاگیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر قادر مگسی نے کہاکہ پی پی حکومت نے سندھ کو توڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پولیس نے ایس ٹی پی کے ضلعی صدر نثار کیریو اور جنرل سیکریٹری سید اثر شاہ کو گرفتار کر لیا، جن کی گرفتاری کے خلاف ایس ٹی پی نے آج (بدھ) ضلع بھر میں شٹر بند ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے، رات گئے نامعلوم افراد کی جانب سے حسینی روڈ، مریم روڈ اور جام صاحب روڈ پر شدید ہوائی فائرنگ کی گئی، جو وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہی۔ فائرنگ سے ایک خاتون گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |