بات کچھ اِدھر اُدھر کی ریویو ’’پی کے‘‘

پی کے ایک مکمل فیملی مووی ہے اس میں روایتی بھارتی فلموں کی طرح بیہودگی، گلیمر اور فحاشی کا تڑکا موجود نہیں ہے۔


سالار سلیمان December 27, 2014
پی کے ایک مکمل فیملی مووی ہے اس میں روایتی بھارتی فلموں کی طرح بیہودگی، گلیمر اور فحاشی کا تڑکا موجود نہیں ہے۔ فوٹو؛ پی کے فلم فیس بک پیج

پاکستان میں تفریح برائے نام ہی رہ گئی ہے لیکن پھر بھی عوام کہیں نہ کہیں سے تفریح کا ذریعہ نکال ہی لیتے ہیں ۔ماضی میں کاش ہم نے کلاشنکوف اور سینما میں توازن رکھا ہوتا تو آج پاکستان میں ڈیڑھ سو سے بھی کم سینماگھروں کی بجائے ساڑھے 500 سے زائد سینما گھر ہوتے۔ خیر دوستوں کے پر زور اصرار پر پچھلے دنوں 'پی کے' دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ عامر خان ایک بہترین اداکار ہیں اور انہوں نے ہر فلم کی طرح پی کے میں بھی اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے ہیں۔ جس طرح تھری ایڈیٹس کو عامر خان کی اداکاری نے ایک یادگار فلم بنایا تھا، اسی طرح راج کمار ہیرانی کی ہدایت جب کہ ہیرانی کے ساتھ ودھو ونود چوپڑا اور سدھارتھ رائے کپور اس پیشکش کو عامر خان کی اداکاری نے چار چاند لگا دیئے ہیں۔




پی کے فلم میں عامر خان کو ایک خلا باز ایلین کے روپ میں دکھایا گیا ہے جو تحقیق کی غرض سے اپنے سیارے سے زمین پر آتے ہیں۔ زمین پر آنے کے بعد وہ زمین کی منافقت پر اپنے معصومانہ انداز سے سوال پر سوال اٹھاتے جاتے ہیں۔ اپنے سیارے سے زمین پر آنے کے بعد اُن کے گلے میں موجود لاکٹ ایک راجھستانی اڑا لے جاتا ہے اور وہ اسے ایک ہندو پنڈت کو بیچ دیتا ہے، یہ لاکٹ عامر خان کے واپس خلا میں جانے کا ریموٹ ہے۔ یہاں عامر خان کی ملاقات سنجے دت (بھیر ن سنگھ) سے ہوتی ہے۔ پی کے کیسے بھیرن سنگھ سے ملتا ہے اور کیسے ان کے زبان سیکھتا ہے۔ اس کے لئے آپ کو سینما گھروں کا رخ کرنا پڑے گا۔



فوٹو؛ پی کے فلم فیس بک پیج

دوسری طرف انوشکا شرما یورپ میں سرفراز نامی لڑکے کی محبت میں گرفتار ہو جاتی ہیں۔ سرفراز کا تعلق پاکستان سے ہوتا ہے ۔انوشکا شرما یعنی کہ جگو کے گھر والے کٹر سے بھی سو ہاتھ آگے کے ماہا کٹر ہندو ہیں۔جگو کے باپ کے روحانی پیشوا جگو کو پٹی پڑھاتے ہیں کہ سرفراز جگو سے شادی نہیں کرے گا ۔جگو سرفرا ز کو شادی کیلئے کہتی ہے ، سرفراز شادی کیلئے ہاں کر دیتاہے اور پھر عین وقت پر جگو کو ایک خط ملتا ہے جسے پڑھنے کے بعد جگو واپس بھارت آجاتی ہے ، جہاں جگو کی ملاقات عامر خان یعنی پی کے سے ہوتی ہے ۔ بڑے بڑے کان اور آنکھیں پھاڑے عامر خان انسانی دنیا کو سمجھنے کی کوشش میں قدم قدم پر انسانی اطوار کو چیلنج کر رہے ہیں، جگو نہ صرف پی کے کی باتوں پر یقین کرتی ہے بلکہ اس کا لاکٹ ڈھونڈنے میں بھی اس کی مدد کرتی ہے، کیسے؟ یہ تو آپ کو فلم دیکھنے کے بعد ہی پتا چلے گا۔



فوٹو؛ پی کے فلم فیس بک پیج

یہ فلم بھارتی معاشرے کے پس منظر میں بنائی گئی ہے جہاں پر ہر مذہب کے نام پر لوگوں نے اپنی دکانداری کھول رکھی ہے۔عامر خان نے اپنی شاندار اداکاری سے فلم میں جان ڈال دی ہے ۔ اُس نے قدم قدم پر یہی سوال اٹھائے ہیں کہ کیا خدا سے کچھ مانگنے کیلئے ہر مذہب لوگوں کی اجازت ضروری ہے؟ کیا خدا اتنا ہی کمزور ہے کہ جب تک پتھر سامنے نہ ہو ، گلے میں چار پیسے نہ ڈال دیں، گلے میں کراس نام نہ لٹکا لیں اور اُ س کے مانے والے لوگوں کو خوش نہ کر دیں تو وہ نہیں سنے گا؟ پی کے ایسے لوگوں کو رانگ نمبر کہتا ہے ۔ اگر دیکھا جائے تو بھارت اور پاکستان دونوں ہی ملکوں میں مذہبی دکان داری عروج پر ہے،یہی وجہ ہے کہ مذہب کے نام پر ہونے والے کاروبار نے بہت بڑے طبقے کو مذہب سے کوسوں دور کر دیا ہے ۔



فوٹو؛ پی کے فلم فیس بک پیج

پی کے ایسے ہی ایک پنڈت کو لائیو شو میں بے نقاب کرتاہے جس نے دھوکے سے پی کے لاکٹ اپنے پاس رکھا ہوتاہے ۔لائیو شو میں شرط عائد ہوتی ہے کہ اگر پی کے جھوٹا ہوا تو وہ پنڈت کے چر ن چھوئے گا ورنہ پنڈت پی کے کو اس کا لاکٹ واپس کر دے گا۔انہی سوالوں جوابوں میں عامر خان پنڈت کی جگو اور سرفراز کی شادی کے بارے میں کی گئی پیش گوئی غلط ثابت کردیتا ہے، جس کی وجہ سے عین شادی کے غلط فہمی کی بنیاد پر دونوں کے درمیان علیحدگی ہوئی تھی۔ اس مو قع پر ہمیں عامر خان کا شکریہ ادا کرنا چاہئے کہ انہوں نے پاکستانی لڑکے کی عزت رکھ لی ورنہ تو عموماً بھارتی فلموں میں پاکستان کے خلاف پراپگنڈہ ہی ملتا ہے ۔ تاہم بڑی محنت اور کوششوں کے بعد پی کے اپنی لاکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو ہی جاتا ہے، اور اس دنیا کے بارے میں بہت سے سوال اٹھائے واپس اپنے سیارے پر چلا جاتا ہے۔



فوٹو؛ پی کے فلم فیس بک پیج

فلم میں عامر خان کی استعمال کی گئی زبان بھی دلچسپ ہے جو ان کی اداکاری کو مزید گہرا کر دیتی ہے ۔ پی کے میں کل 7 گانے ہیں اور تمام کے تمام گانے شائقین میں مقبول ہیں۔مجموعی طور پر پی کے اس سال کی سب سے بڑی فلم کہلائی جا سکتی ہے ۔ 10 نمبروں میں سے پی کے کو کم از کم 9 نمبر ضرور ملنے چاہئے۔ پی کے ایک مکمل فیملی مووی ہے اس میں روایتی بھارتی فلموں کی طرح بیہودگی، گلیمر، اور فحاشی نہیں ہے۔ اس میں بھولے بھالے انداز میں وہ معاشرتی سوالات اٹھائے گئے ہیں جن کے جواب شاید ہمارے اندر تو موجود ہوں لیکن ہم نے کبھی بھی ان کے جواب ڈھونڈنے کی کوشش نہیں کی۔

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے ریویو لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |