صدر نے رحم کی 50 اپیلیں مسترد کردیں 4 ڈیتھ وارنٹ فیصل آباد پہنچ گئے

قیدیوں کوکسی بھی وقت پھانسی دیدی جائیگی‘ بہاولپور جیل میں قید نواز کے بلیک وارنٹ بھی جاری


مچھ جیل میں پھانسی گھاٹ اور لیور تیار، میانوالی جیل کے ارد گرد سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت ،ایک ہفتے میں 17دہشتگردوں کو پھانسی ہوگی۔ فوٹو: فائل

صدر مملکت ممنون حسین نے پھانسی کی سزا پانے والے 50 سے زائد قیدیوں کی رحم کی اپیلیں مسترد کر دیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پھانسی کا عمل تیز کرنے کیلئے بلیک وارنٹ جاری ہونے کے بعد پھانسی دیے جانے کی مدت کو14روز سے کم کر کے3 دن تک محدود کر دیا گیا ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ حکومت ان مجرموں کے بلیک وارنٹ کب جاری کرے گی۔ ادھر دہشت گردی میں ملوث 4 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ فیصل آبادجیل انتظامیہ کو موصول ہوگئے۔

نواز علی،غلام نبی، مشتاق احمد اورعبدالمالک کوکسی بھی وقت پھانسی دی جاسکتی ہے۔بہاولپور جیل میں قید نواز کے بلیک وارنٹ بھی جاری ہو چکے ہیں اسے اگلے 24گھنٹے میں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا، فیصل آباد سے نیوز رپورٹر کے مطابق موت کی سزاؤں پر عمل درآمد کے لئے قیدیوں کی منتقلی کے پر خطر عمل سے بچنے کے لئے فیصل آبادسنٹرل جیل میں ہی پھانسی گھاٹ کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں 17دہشت گرد تختہ دار پر لٹکا دئیے جائیں گے، مچھ جیل میں پھانسی گھاٹ اور لیور تیار کر لیا گیا ہے تاہم قیدیوں کے ڈیتھ وارنٹ کا انتظار ہے مچھ جیل میں سزائے موت کے 97قیدی ہیں ان میں 14قیدیوں کی رحم کی اپیلیں صدر مملکت کے پاس ہیں ،کندیاں سے نمائندے کے مطابق سینٹرل جیل میانوالی کے ارد گرد سکیورٹی کے انتطامات انتہائی سخت کر دیئے گئے ہیں۔ میانوالی جیل میں 7 قیدیوں کی رحم کی اپیلیں مسترد ہوچُکی ہیں اور وہ ڈیٹھ وارنٹ جاری ہونے کے منتظر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں