لیاری سے فرار گینگ وار کے ملزمان دیگر علاقوں میں پناہ لینے لگے

ملزمان نے پرانا گولیمار،چنیسر گوٹھ،خاموش کالونی،ملیر،گڈاپ،ماڑی پور،بلدیہ اور حب چوکی میں جائے پناہ تلاش کرلی، ذرائع


Staff Reporter December 15, 2014
گینگ وار کے ملزمان سے رابطوں کی رپورٹ پر لیاری میں تعینات اور رہائش پذیر اہلکاروں کیخلاف تحقیقات کے احکام جاری۔ فوٹو: فائل

MIRPUR (AJK): لیاری سے فرار ہونے والے گینگ وار کے ملزمان کو پرانا گولیمار، چنیسر گوٹھ، گلبہار خاموش کالونی، ملیر اور گڈاپ ٹاؤن میں روپوشی کاٹنے کیلیے پناہ مل گئی۔

لیاری اور پرانا گولیمار میں گلی گلی جوئے کے اڈے کھل گئے، عذیر بلوچ کے رشتے داروں نے گھناؤنے کاروبار کے ٹھیکے دینا شروع کر دیے، گینگ وار کے ملزمان کے ساتھ رابطوں کی حساس اداروں کی رپورٹ پر آئی جی سندھ نے لیاری میں تعینات اور رہائش پذیر پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ، یہ بات پولیس کے ایک تحقیقاتی ادارے میں اہم عہدے پر فائز ایک پولیس افسر نے ایکسپریس کو بتائی۔

پولیس افسر نے اپنا نام نہ آنے کی شرط پر بتایا کہ لیاری میں گینگ وار کے ملزمان اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف رینجرز کے آپریشن شروع ہونے کے ابتدائی دنوں میں گینگ وار کے ملزمان نے مزاحمت کی تاہم انھوں نے جب دیکھا کہ اس مرتبہ کسی رعایت کے بغیر حقیقی آپریشن ہو رہا ہے تو گینگ وار کے اہم کمانڈر بیرون ملک اور اندرون ملک فرار ہو گئے جبکہ دیگر کارندے مزید کچھ دن لیاری کے علاقے کلاکوٹ افشانی گلی میں روپوش رہے تاہم انھوں نے جب دیکھا کہ ان کے متعدد ساتھی، رینجرز کے ہاتھوں گرفتار یا ہلاک ہوگئے تو انھوں نے جان بچانے کیلیے راہ فرار اختیار کی۔

ذرائع نے بتایا کہ گینگ وار کے ملزمان نے پرانا گولیمار، چنیسر گوٹھ، گلبہار خاموش کالونی، ملیر، گڈاپ ٹاؤن، ماڑی پور، بلدیہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں کے علاوہ حب چوکی میں روپوشی کے لیے جائے پناہ تلاش کرلی، ذرائع نے بتایا کہ گینگ وار کے اہم کارندوں کے لیاری سے فرار ہونے کے بعد عذیر بلوچ کے رشتے داروں نے لیاری، پرانا گولیمار اور پاک کالونی ریکسر لائن میں پولیس کی مبینہ ملی بھگت سے درجنوں جوئے کے اڈے کھول لیے۔

مولا مدد کوئلہ گودام میں یارو بلوچ، مندرا محلہ چاکیواڑہ تھانے کے قریب ریاض ڈانسر، سنگو لائن میں ملا سہیل، چاکیواڑہ بروھی محلے میں سلمان بروھی کے نام سے اڈے چل رہے ہیں ، ذرائع نے بتایا کہ ان تمام اڈوں کے ٹھیکے عذیر بلوچ کے بہنوئی اکرم بلوچ کے بھائی ملا سہیل نے دیے ہیں جبکہ شراب کے اڈے کا مالک حاجی انل کا بیٹا عدنان وڈانی ان اڈوں سے ٹھیکے کی رقم وصول کرتا ہے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار اور ریکسر لائن میں عذیر بلوچ کے برادر نسبتی ساجد بلوچ نے گلی گلی میں جوئے اور منشیات کے اڈے کھلوا دیے ہیں ، جوئے کے اڈے تھارو لائن کا ٹھیکہ جمیل چھانگا، فاروق مائع، پرانا گولیمار میں آغا، ریاست اور دیگر کو دیا گیا ہے جبکہ منشیات کے اڈوں کا ٹھیکہ راجو راکٹ، آغا اور دیگر کو دیا گیا۔

مذکورہ اڈوں سے 2 لاکھ روپے ماہانہ طے کیا گیا ہے جبکہ پولیس اور دیگر ایجنسیوں کو مبینہ بھتے کی رقم ساجد بلوچ کے دست راست راجو راکٹ اور ریاست بلوچ دیں گے ، پولیس افسر نے بتایا کہ حساس اداروں نے اپنے رپورٹ میں بتایا ہے کہ لیاری کے چاروں تھانوں کے علاوہ پاک کالونی میں تعینات اور لیاری میں رہائش پزیر متعدد پولیس افسران و اہلکار گینگ وار کے مرکزی ملزمان سے بذریعہ فون رابطوں میں ہیں جو یہاں کی پل پل کی خبریں بتاتے ہیں جبکہ رینجرز یا پولیس کے ہاتھوں پکڑے جانے والے ملزمان کے بارے میں بھی گینگ وار کے سرغنہ کو فون پر بتاتے ہیں جبکہ چھوٹے موٹے جرائم میں ملوث ملزمان کو چھڑانے کے لیے بھی وہی پولیس افسران رابطے کرتے ہیں۔

پولیس افسران و اہلکاروں کی تحقیقات کے لیے آئی جی سندھ نے خفیہ تحقیقاتی ٹیم قائم کی ہے جو اس بات کی تصدیق کریں گے کہ کونسا پولیس اہلکار و افسر گینگ وار کے ملزمان سے رابطے میں ہے اور تصدیق ہونے کے بعد اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں