چیف الیکشن کمشنر کے تقررپرآئینی وسیاسی بحران کاخدشہ

سپریم کورٹ جج واپس بلاتی ہے توکمیشن غیرفعال ہوجائیگا، قانونی ماہرین


ملک سعید اعوان October 17, 2014
سپریم کورٹ نے حکومت اور قو می اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکو28 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے. فوٹو: فائل

چیف الیکشن کمشنرکی تقرری کے معاملے پر آئینی وسیاسی بحران پیدا ہونے کاخدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

سپریم کورٹ اگر اپنی دی گئی ڈیڈلائن کے مطابق قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کو واپس بلا لیتی ہے تو سیا سی و آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہاکہ الیکشن کمیشن غیر فعال ہو جائے گاجب کہ حکومتی ماہرین کہتے ہیں کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گابلکہ الیکشن کمیشن کے ممبران ہی الیکشن کمیشن ہیں، بال ایک بار پھر سپریم کورٹ کے کورٹ میں جائے گی جب حکومت اور اپوزیشن سپریم کورٹ سے مہلت مانگے گی تو فیصلہ سپریم کورٹ کوہی کرنا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے حکومت اور قو می اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکو28اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے کہ اگر حکومت نے چیف الیکشن کمشنر تعینات نہ کیاتو ہم اپنے جج کو واپس بلا لیں گے،جبکہ قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلا ف خورشید شاہ نے کہاکہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں مگرچیف الیکشن کمشنرصرف ریٹائر جج ہونے کی پابندی ختم ہونی چاہیے انتخابی اصلاحات کے بعد چیف الیکشن کمشنر کا تقرر ہونا چاہیے ۔آئینی ماہر ایس ایم ظفر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اسی وقت مکمل ہوتا ہے جب اسکا چیف موجود ہوتا ہے ، ا س کے بغیر آئینی طور پر الیکشن کمیشن مکمل نہیں ہو گا اور انتظامی کاموں کے علاوہ کوئی کام نہیں کر پائیگا ۔آئینی ماہرین و مسلم لیگ (ق) کے سینیٹروسیم سجاد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے سوچنے کی بات کی ہے اگرچیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی جاتی تو اپنا جج واپس بلا لیں گے مگرابھی فائنل نہیں کیا،اگرسپریم کورٹ اپنا جج واپس بلا لیتی ہے تو الیکشن کمیشن مکمل نہیں ہو گا اوراپنا کا م نہیںکرسکے گا اورنہ ہی ضمنی انتخابات کروا سکے گا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر حاجی عدیل نے کہاکہ ریٹائریاحاضر سروس جج کو چیف الیکشن کمیشن بنانے کی روایت ہمیشہ کیلیے ختم ہونی چاہیے،اگرسپریم کورٹ اپنی ڈیڈلائن کے مطابق عمل کرتی ہے تو پھر تشویشناک صورتحال پیدا ہو جائے گی۔ مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر رفیق راجوانہ اورظفر علیشاہ نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ اپنی ڈیڈ لائن پر عمل کرتی ہے تو پھر بھی کوئی فرق نہیں پڑیگا کیونکہ الیکشن کمیشن کے ممبران اپنی جگہ موجود ہونگے۔سینیٹر ظفر علی شاہ نے کہا ہے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کو واپس بلانا آسان نہیں ہے کیونکہ یہ آئین میں موجودہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں