سمندری طوفان ’’ہد ہد‘‘ بھارتی ساحلوں سے ٹکرا گیا 6 افراد ہلاک

خلیج بنگال میں اٹھنے والا طوفان گزشتہ روز وشاکھاپٹنم سے ٹکرایا،3 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پرمنتقل کردیا گیا۔


News Agencies/Net News/AFP October 13, 2014
خلیج بنگال میں اٹھنے والا طوفان گزشتہ روز وشاکھاپٹنم سے ٹکرایا،3 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پرمنتقل کردیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

خلیج بنگال میں اٹھنے والاسمندری طوفان ''ہدہد'' بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا جس سے آندھراپردیش میں اب تک 6افراد کے ہلاک ہونیکی اطلاع ہے جبکہ 3لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

دوسری طرف جاپان میں سمندری طوفان وانگ فانگ کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں 23افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق خلیج بنگال میں اٹھنے والا سمندری طوفان ہدہد اتوار کے روز صبح 6بج کر 30منٹ پر مشرقی ساحلی شہر وشاکھاپٹنم سے ٹکرایا۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق وشاکھاپٹنم کے ساحلی علاقوںسے گزرتے ہوئے اس طوفان میں 205کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتارسے تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور اس کے ساتھ بارش بھی ہورہی ہے۔

اس دوران آندھراپردیش اور اڑیسہ میں سیکڑوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی کے تار گرنے سے علاقے کی بجلی بند ہوگئی۔ خدشہ ہے کہ طوفان سے اونچی لہریں اٹھیں گی اور نچلے علاقے سیلاب کی زد میں آجائیں گے۔ دونوں ریاستوں میں سیکڑوں ریلیف کیمپ لگا دیے گئے ہیں۔ بھارت میں قومی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے مطابق آندھراپردیش میں درخت کے نیچے دبنے سے 3افراد مارے گئے۔ حکام کاکہنا ہے کہ سمندری طوفان سے پہلے3 لاکھ 70ہزار سے زائدافراد کومحفوظ مقامات پرمنتقل کردیا گیاتھا۔

ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بھارتی بحریہ اورکوسٹ گارڈ کو بھی چوکس کردیاگیا ہے اورمکینوں کو اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ادھر اے پی پی کے مطابق جاپان کی قومی موسمیاتی ایجنسی نے کہا کہ اختتام ہفتہ پرخوفناک طوفان جنوبی علاقے اوکی ناواکے جزیرے سے ٹکرانے اور 23افراد کو زخمی کرنے کے بعداہم جزائر کیوشو اور ہولناشوکی طرف بڑھ رہاہے اور پیر کی صبح ان جزیروں میں پہنچے گا۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ اتوار کو طوفان وانگ فانگ گوشیما کے جنوبی علاقے میں تھا اور اس کی رفتار 230 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں