اکتوبر میں آل پاکستان پولیس اسپورٹس ویک منعقد کرنے کا اعلان

ڈسٹرکٹ کی سطح پر کرکٹ، فٹ بال، والی بال اور دیگر گیمز کی ٹیمیں بنائی جائینگی جس کے بعد رینجز کی سطح پرمقابلے ہوں گے


Raheel Salman August 16, 2014
آخری اسپورٹس ویک 2011 میں منعقد ہوا تھا، اہلکاروں کو تفریحی اور صحت مند سرگرمیوں کی ضرورت تھی، ڈی آئی جی طاہر نوید۔ فوٹو: فائل

سندھ پولیس نے اکتوبر میں ہونے والے آل پاکستان پولیس اسپورٹس ویک میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کردیا، اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ اور رینجز کی سطح پر ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دے دیا گیا، آئندہ ہفتے سے عملدرآمد کا آغاز کردیا جائے گا۔

سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے چیئرمین ڈی آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ طاہر نوید نے ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کو تفریحی اور صحت مند سرگرمیوں کی اشد ضرورت تھی، آخری مرتبہ 2011 میں اسپورٹس ویک منعقد ہوا تھا جس کے بعد مختلف وجوہات کی بنا پر کھیلوں کی سرگرمیاں جمود کا شکار رہیں، اب ایک مرتبہ پھر ان سرگرمیوں کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسپورٹس ویک کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے طاہر نوید نے بتایا کہ آئندہ ہفتے سے سندھ پولیس میں ڈسٹرکٹ کی سطح پر کرکٹ ، فٹبال ، والی بال اور دیگر گیمز کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی ، ان کے درمیان مقابلے کرائے جائیں گے جس کے بعد رینجز کی سطح پر مقابلے ہوں گے، فاتح ٹیمیں بین الصوبائی مقابلوں میں شرکت کریں گی، ڈی آئی جی نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ ماہ اکتوبر میں آل پاکستان پولیس اسپورٹس ویک منعقد ہوگا جس میں پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر، موٹر ویز پولیس سمیت ملک بھر کی پولیس کی ٹیمیں شرکت کریں گی، سندھ پولیس اس میں بھرپور حصہ لے گی۔

علاوہ ازیں اس سلسلے میں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی صدارت میں سینٹرل پولیس آفس میں سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں بورڈ کے چیئرمین ڈی آئی جی طاہر نوید ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ مشتاق مہر، اے آئی جی آپریشنز سندھ، اے آئی جی ویلفیئر سندھ اور اے آئی جی ایڈمن کے علاوہ دیگر افسران شریک ہوئے، آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی مشتاق مہر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ریجن کے ڈی آئی جیز کو تحریری احکامات جاری کیے جائیں کہ متعلقہ پولیس رینج میں کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرائی جائیں، انھوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں سے پولیس افسران و اہلکار ذہنی و جسمانی طور پر صحت مند رہیں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |