پاکستان خارجہ سیکریٹریز ملاقات میں بھارت سے بلا تعطل مذاکرات کا مطالبہ کرے گا

مودی حکومت سے کہیں گے مذاکرات دہشتگردی کے کسی واقعے پر’’ڈی ریل‘‘ نہ ہونے پائے، سینئیر سفارتکار


شائق حسین August 03, 2014
پاکستان کی خواہش ہے جامع مذاکرات شروع ہوں اورکشمیرسمیت تمام دوطرفہ تنازعات کے حل کی سنجیدہ کوشش کی جائے، سینئرسفارتکار فوٹو: فائل

پاکستان 25 اگست کوبھارت سے ہونے والی سیکریٹری خارجہ سطح کی بات چیت کے دوران نہ صرف معطل شدہ جامع مذاکرات کی بحالی بلکہ آئندہ کے مذاکراتی عمل کے غیرمشروط اور بلاتعطل جاری رہنے کامطالبہ کرے گا۔

ایک سینئرپاکستانی سفارت کارنے ایکسپریس کو بتایاکہ پاکستان 25اگست کوہونے والی پاک بھارت سیکریٹری خارجہ بات چیت میں کھلے ذہن کے ساتھ جارہا ہے۔ ہم بھارت سے بھی اس طرزعمل کی توقع رکھتے ہیں۔ پاکستان کی خواہش ہے کہ جامع مذاکرات کاعمل دوبارہ شروع ہواور اس کے ذریعے کشمیرسمیت تمام دوطرفہ تنازعات کوحل کرنے کی کوشش کی جائے۔

پاکستانی سفارتکار کا کہنا تھا کہ بھارت پرجامع مذاکرات کی بحالی کے لیے زوردیا جائے گا۔ مذاکراتی عمل تبھی نتیجہ خیزثابت ہوسکتا ہے جب اس کو غیر مشروط طور پر آگے بڑھایا جائے۔ اس کوممبئی حملہ کیس یاکسی دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات سے نہ جوڑاجائے۔ ممبئی حملہ کیس عدالت میں ہے اوراس حوالے سے قانونی کارروائی ہورہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے ممبئی حملہ کیس کی تحقیقات کوآئندہ کے مذاکرات کے لیے شرط کے طورپر عائد کیے جانے کامطالبہ سامنے نہیں آیا مگرماضی میں پاک بھارت مذاکرات ممبئی میں دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے ڈی ریل ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں