لاہور:
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو چمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کے حوالے سے دو ٹوک جواب دیا ہے کہ ہم زخم سہہ لیں گے لیکن اپنی بے عزتی نہیں کروائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اہم اجلاس سے قبل آئی سی سی کے عہدیداروں سے بات چیت کی اور اپنے انہیں واضح کردیا۔
آئی سی سی کے عہدیداروں کو چئیرمین پی سی بی نے پاکستان کے واضح مؤقف سے آگاہ کر دیا اور دوٹوک پیغام دیا کہ پاکستان اپنے مؤقف پر واضح انداز میں کھڑا ہے۔
محسن نقوی نے آئی سی سی کو پیغام میں کہا کہ ہم زخم سہہ لیں گے لیکن ہم اپنی بےعزتی نہیں کرائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی کیلیے ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں، پی سی بی نے آئی سی سی کو باضابطہ جواب دیدیا
خیال رہے کہ پی سی بی نے اس سے قبل بھی آئی سی سی کو واضح کردیا تھا کہ چمپیئنز ٹرافی کی میزبانی میں کسی دوسرے ملک کو شریک نہیں بنائیں گے۔
پی سی بی نے بتایا تھا کہ اگر آئی سی سی کے پاس مسئلے کا کوئی قابل قبول حل ہے تو اجلاس سے پہلے ہمیں آگاہ کرے تاکہ ہم تیار ہو کر آئیں اور کسی حتمی فیصلے تک پہنچ سکیں۔
آئی سی سی کو دوٹوک کہہ دیا گیا تھا کہ پاکستانی ٹیم بھارت جا کر کھیلے لیکن وہ اپنی ٹیم یہاں بھیجنے سے انکار کردے تو یہ نہیں ہوسکتا ہے۔