کراچی:
کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار باپ اور بیٹی کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں نوعمر بیٹی کی ایک ٹانگ بری طرح سے کچلی گئی جبکہ والد بھی زخمی ہوگیا۔
واقعے سے متعلق ایس ایچ او نیو کراچی غلام یاسین نے بتایا کہ 14 سالہ نبیہہ جو نویں جماعت کی طالبہ ہے اپنے والد معین کے ہمراہ اسکول جا رہی تھی کہ نارنگی چورنگی کے قریب حادثے کا شکار ہوگئے جس کے نتیجے میں لڑکی کی ایک ٹانگ شدید متاثر ہوگئی جبکہ اس کا والد بھی زخمی ہوا ہے۔
غلام یاسین کے مطابق پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے ڈمپر کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے جبکہ زخمی لڑکی کو ابتدائی طور پر عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں سے اسے سول اسپتال جس کے بعد اب نبیہہ کو علاج معالجے کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثنا حادثے میں اسکول کی طالبہ کی ایک ٹانگ شدید متاثر ہونے پر موقع پر موجود عوام میں شدید اشتعال پھیل گیا اور انھوں نے واقعے پر اپنے غم و غصے کا بھی اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ تیز رفتاری کا مظاہرہ کرنے والی ہیوی گاڑیوں ، خستہ حال پبلک ٹرانسپورٹ اور واٹر ٹینکرز کے خلاف بھی اسی طرح سے ناکے لگا کر کارروائی عمل میں لائی جائے جس طرح شہر میں سیاہ شیشے اور فینسی نمبر پلیٹ لگی گاڑیوں کے خلاف کی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیور ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑتے ہوئے سڑکوں پر شہریوں کو روند رہے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔