اسلام آباد:
پی ٹی آئی احتجاج کی ناکامی کو چھپانے کے لیے من گھڑت پروپیگنڈا پھیلانے لگی اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر، ویڈیوز اور غلط اعداد و شمار کا سہارا لیا جا رہا ہے۔
سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے فلسطین کے شہداء کی لاشوں کی تصاویر کے ذریعے مذموم پروپیگنڈا جاری ہے۔
بیرون ملک فرار سلمان احمد نے فلسطین کے شہداء کی تصاویر کو احتجاج میں من گھڑت ہلاکتوں سے جوڑ دیا۔
ہلاکتوں کا پروپیگنڈا ریاست دشمن ایجنڈے کے تحت سوشل میڈیا پر کیا جا رہا ہے جبکہ ہلاکتوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا پروپیگنڈا بھی جاری ہے جس میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔
سلمان اکرم راجا نے 20، شیر افضل مروت نے 12، علی امین گنڈا پور نے سیکڑوں جبکہ لطیف کھوسہ نے تو 278 ہلاکتوں کا دعویٰ کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی پی ٹی آئی سے منسلک نام نہاد یوٹیوبرز کا بھی منفی پروپیگنڈا جاری ہے جبکہ ہلاکتوں کے منفی پروپیگنڈے کے حوالے سے اسلام آباد کے دو بڑے اسپتالوں پمز اور پولی کلینک کے وضاحتی بیان سامنے آچکے ہیں۔
پمز انتظامیہ کے مطابق 36 عام شہری اور 66 قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار زخمی حالت میں اسپتال لائے گئے تھے جبکہ پولی کلینک اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں کوئی لاش نہیں لائی گئی۔
پولی کلینک اسپتال انتظامیہ کے مطابق کچھ معمولی زخمی افراد آئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کا مقصد ریاستی اداروں کو بدنام کرنا اور ہلاکتوں کے حوالے سے گمراہ کن پروپیگنڈا کرنا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ہلاکتوں کا پروپیگنڈا صرف کارکنوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے اور پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بدنام کرنے کے لیے ہے۔