اسلام آباد:
نیپرا نے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ بجلی کے ونٹر پیکیج پر عوامی سماعت مکمل کرلی، اتھارٹی اسٹیک ہولڈرز کی آرا کا جائزہ اور ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد اپنا فیصلہ جاری کرے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کے لیے ونٹر پیکیج کے حوالے سے جمع کروائی گئی درخواست پر عوامی سماعت مکمل ہوگئی جو کہ چئیرمین نیپرا کے زیر صدارت ہوئی۔
نیپرا کے جاری کردہ بیان کے مطابق عوامی سماعت میں پاور سیکٹر کے اسٹیک ہولڈرز، کاروباری تنظیموں، صحافی حضرات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نیپرا کے مطابق ونٹر پیکیج کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی یونٹ کی قیمت 26 روپے 7 پیسے ہوگی، وزارت توانائی کے مطابق ونٹر پیکج میں گھریلو صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 30 فیصد یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 50 فیصد یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔
نیپرا نے کہا ہے کہ وزارت توانائی کے مطابق ونٹر پیکج میں صنعتی صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 18 فیصد یا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 37 فیصد یا 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی، ونٹر پیکیج کی میعاد 3 ماہ ( دسمبر تا فروری) تک ہوگی۔
نپیرا نے کہا ہے کہ اتھارٹی اسٹیک ہولڈرز کی آرا کا جائزہ اور ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔