کراچی:
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اسلام آباد میں مظاہرین کے ہاتھوں رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت کسی نوعیت کے انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی کے رہنما ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، پی ٹی آئی کو اپنے مفادات اور سیاست سے پہلے پاکستان کی بہتری کیلئے سوچنا چاہئے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور ہر شہری کو احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے جو کسی بھی محب وطن سیاسی جماعت کو زیب نہیں دیتا۔
خالد مقبول نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما یہ یاد رکھیں کہ حکومتیں تو تبدیل ہوتی رہتی ہیں اُن کے خلاف قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کیا جاسکتا ہے لیکن پاکستان کے خلاف اُٹھایا جانے والا ایک قدم بھی کوئی پاکستانی ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اہلکاروں کی شہادت جیسے انتہائی اقدام اُٹھائے جانے یا ریاست پر براہِ راست حملہ آور ہونے کا مداوا پی ٹی آئی کبھی نہیں کر سکے گی۔ آخر میں انہوں نے ریاست مخالف احتجاج اور شرپسندی کا حصہ نہ بننے پر کراچی کے پرامن اور محب وطن شہریوں کا شکریہ ادا کیا۔