پی ٹی آئی لیڈرشپ خون خرابہ نہیں مذاکرات چاہتی ہے مگر ایک خفیہ قیادت ہونے نہیں دے رہی، وزیر داخلہ

سنگجانی میں احتجاج کا فیصلہ بھی ہوگیا تھا مگر خفیہ قوت سب کچھ کنٹرول کررہی ہے، اس کے بعد باقی ساری لیڈرشپ زیرو ہے


ویب ڈیسک November 26, 2024
چئیرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی آج آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اسلام آباد:

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فساد کی جڑ صرف ایک خفیہ ہاتھ ہے پی ٹی آئی کی لیڈر شپ خون خرابہ نہیں چاہتی بلکہ مذاکرات چاہتی تھی مگر وہ خفیہ ہاتھ سب پر بھاری ہے مجھے نہیں پتا اس نے پارٹی کو کب ٹیک اوور کرنا ہے اس کے ارادے کچھ اور ہیں پی ٹی آئی کو معلوم نہیں ہے اس کے ساتھ ہاتھ ہوجائے گا۔

اسلام آباد ڈی چوک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ کل بھی کہا تھا کہ گولی کا جواب گولی سے دینا بہت آسان تھا، ابھی میں نے پولیس کو کہا ہے کہ اب ان کا اختیار ہے وہ جس طرح بھی اس سے نمٹنا چاہیں تو نمٹ لیں، ہم اپنے جوانوں کو سپورٹ کریں گے، تین چار قافلے ہیں جو اسلام آباد کی طرف آ رہے ہیں، یہ تمام خیبر پختونخوا سے آئے ہیں اور 2 ہزار کے قریب افراد ہیں جو تربیت یافتہ ہیں، ان کا ہم بیک گراؤنڈ چیک کررہے ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ مذاکرات کرتے ہیں، وقت لیتے ہیں، آگے جاتے ہیں، فیصلے ہو جاتے ہیں، سنگجانی کا فیصلہ بھی ہوگیا تھا، مگر پیچھے خفیہ لیڈرشپ سب کچھ کنٹرول کررہی ہے، اس کے بعد باقی ساری لیڈرشپ زیرو ہے، اسلام آباد میں فوج اس وقت بیرون ملک سے آئے وفد اور ریڈزون کی حفاظت پر مامور ہے ہمارے لیے سب سے پہلی ترجیح یہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں آنسو گیس کے شیل کے پی کے حکومت نے فراہم کیے ہیں، اسی طرح اسلحہ استعمال کیا جا رہا ہے، جس کی سوشل میڈیا پر وڈیوز بھی آ چکی ہیں جوانوں پر فائرنگ کی جا رہی ہے، ہم نے انہیں اب بھی کہا کہ آپ کسی بھی طرح اس طرف نہ جائیں جس سے پاکستان کا نقصان ہو آپ کو بات چیت کے لیے جو جگہ لینی ہے وہ لے لیں، اپنا پروگرام کرلیں، مگر وہ اس پر تیار نہیں، پی ٹی آئی کی پوری لیڈرشپ خون خرابہ نہیں چاہتی، مگر ایک خفیہ طاقت پیچھے بیٹھی ہے وہ سب کچھ کنٹرول کررہی ہے اور اس کا ایجنڈا بالکل پاکستان کا ایجنڈا نہیں ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ تمام اداروں کے مقابلے میں ایک خاتون بشریٰ بی بی کامیاب ہوتی نظر آرہی ہے؟ اس پر محسن نقوی نے کہا کہ وہ جو خفیہ ہاتھ ہے وہ کامیاب نہیں ہوا اس کا ایجنڈا صرف ان ہی تاریخوں میں پاکستان کو بدنام کرنا ہے اگر اس کا ایجنڈا صرف اپنے مطالبات ہوتے تو وہ اس طرح نہ کرتے۔

انہوں نے پھر واضح کیا کہ فساد کی جڑ صرف ایک خفیہ ہاتھ ہے پی ٹی آئی کی لیڈر شپ مذاکرات کرنا چاہتی تھی مگر وہ ایک خفیہ ہاتھ سب پر بھاری ہے مجھے نہیں پتا اس نے پارٹی کو کب ٹیک اوور کرنا ہے اس کے ارادے کچھ اور ہیں پی ٹی آئی کو معلوم نہیں ہے اس کے ساتھ ہاتھ ہوجائے گا۔

قبل ازیں وزیر داخلہ نے ڈی چوک کا دورہ کیا، ڈی چوک سے شہید ملت چوک تک سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، وزیرداخلہ محسن نقوی شرپسندوں کی جانب سے شیلنگ کے دوران شہید ملت چوک پہنچے اور جوانوں سے ملاقات کی۔ وہ شیلنگ کے دوران جوانوں کے ساتھ کھڑے رہے اور ان کا حوصلہ بڑھایا، جوان مردی سے شرپسندوں کا مقابلہ کرنے کی تلقین کی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے رینجرز، ایف سی، اسلام آباد و سندھ پولیس کے جوانوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان کے جذبے کو سراہا۔ ڈیوٹی پر موجود جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ آپ سب پاکستان کے سپاہی ہیں، شرانگیزی کرنے والوں سے آپ نے قانون کے مطابق نمٹنا ہے۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ حکام بھی ہمراہ تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں