وزیراعظم سے بیلاروس کے صدر کی ملاقات، دونوں ممالک کے درمیان تجارت سمیت کئی معاہدوں پر دستخط

وزیرِاعظم اور بیلاروسی صدر کی دوطرفہ ملاقات اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوں گی


ویب ڈیسک November 26, 2024

اسلام آباد:

پاکستان اور بیلاروس کے درمیان توانائی، زراعت، تجارت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے اعزاز میں منگل کو وزیر اعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر کا وزیر اعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پرجوش انداز میں مصافحہ کیا، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے، بیلاروس کے صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر سے کابینہ ارکان کا تعارف کرایا جبکہ معزز مہمان نے بھی وزیر اعظم کو اپنے وفد کے ارکان سے ملوایا۔ بیلاروس کے صدر نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔

بیلاروس اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ بیلاروس اور پاکستان کے درمیان تعاون کے روڈ میپ پر دستخط ہوئے۔

پاکستان کی وزارت تجارت اور بیلاروس کے انسداد اجارہ داری ضابطے کے درمیان الیکٹرانک کامرس تعاون پر مفاہمت کی یادداشت نیشنل اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی تعاون پر معاہدہ پر دستخط کیے گئے۔

پاکستان نیشنل ایکریڈیشن کونسل آف پاکستان اور ریپبلکن یونٹی انٹرپرائز بیلاروس کے درمیان ایکریڈیٹیشن کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ بیلاروس کی کمیٹی آف اسٹیٹ کنٹرول اور پاکستان کے آڈٹ جنرل آفس کے درمیان تعاون پر مفاہمت کی یادداشت، بیلاروس کی اسٹیٹ کنٹرول کمیٹی کے محکمہ مالیاتی نگرانی اور حکومت پاکستان کے مالیاتی مانیٹرنگ یونٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

پاکستان کسٹمز، ایف بی آر اور بیلاروس کی اسٹیٹ کسٹمز کمیٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت، بیلاروس کی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

وزارت قدرتی وسائل بیلاروس اور وزارت موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے درمیان ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں تعاون پر مفاہمت، بیلا روس کی ہنگامی صورتحال کی وزارت اور این ڈی ایم اے پاکستان کے درمیان ہنگامی حالات کی روک تھام اور خاتمے کے شعبوں میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

نیوٹک (NAVTTC) پاکستان اور بیلاروس کے تعلیمی ادارے کے درمیان ایم او یوز جمہوریہ بیلاروس اور جمہوریہ پاکستان کے درمیان حوالگی سے متعلق معاہدے اور صحت کی خدمات میں مہارت اور ٹیسٹ کے لیے ڈریپ، منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز پاکستان اور ریپبلکن یونٹری انٹرپرائز بیلاروس کے درمیان تعاون پر ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔

پاکستان حلال اتھارٹی منسٹری آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور بیلاروسی حلال اسٹینڈرڈائزیشن اینڈ سرٹیفیکیشن سینٹر آف بیلاروس کے درمیان حلال تجارت میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

بیلاروس اور پاکستان کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت

بیلاروس اور پاکستان کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔ بیلاروس کے صدر اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد آئے ہوئے ہیں۔

جمہوریہ بیلاروس کے صدر عزت مآب الیگزینڈر لوکاشینکو اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کا یہ مرحلہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات کی عکاس ہے۔

دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے مکمل اسپیکٹرم کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، بین الپارلیمانی تبادلوں کو مضبوط بنانے اور خاص طور پر دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر لوکاشینکو نے پاکستان بیلاروس تعلقات کی موجودہ مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے اس رفتار کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے کئی اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کا بھی مشاہدہ کیا جس کا مقصد پاکستان اور بیلاروس کے درمیان اہم شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ معاہدے اور ایم او یوز ماحولیاتی تحفظ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، حلال تجارت، آڈٹ اداروں، مالیاتی انٹیلی جنس شیئرنگ، ووکیشنل ایجوکیشن اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں تعاون پر مشتمل ہیں۔

ملاقات میں ’’پاکستان اور بیلاروس کے درمیان 2025-2027 کے لیے جامع تعاون کے روڈ میپ‘‘ پر اتفاق ہوا جس کے تحت اعلیٰ سطحی اجلاسوں، بین الحکومتی کمیشنوں اور اہداف کے ذریعے اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے ایک اسٹریٹجک فریم ورک کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ اس فریم ورک کے ذریعے باہمی تعاون کے اقدامات، علاقائی اقتصادی روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے، دونوں فریقوں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون میں تیزی لانے کے لیے درکار قانونی فریم ورک کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔

بیلا روس کے صدر نے وزیر اعظم پاکستان کے تعلقات کو نئی جہتوں پر لے جانے کے عزم کو سراہا اور اس سلسلے میں اپنے اور اپنی حکومت کے اپنے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہباز شریف کو بیلا روس کے دورے کی دعوت بھی دی، جس سے تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔

وزیر اعظم نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس دورے کے دوران مفاہمتی یاداشتوں کو معاہدوں کی شکل دی جائے گی، وزیر اعظم نے متعلقہ وزراء کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس سلسلے میں جلد ازجلد ضروری اقدامات اٹھائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں