راولپنڈی اسلام آباد کے سنگم ایریا چونگی 26 پر پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے ایکسپریس نیوز کی ڈی ایس این جی پر حملہ کر دیا جس سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ کیمرہ مین بھی زخمی ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کی لائیو کوریج وین ڈی ایس این جی تحریک انصاف کے مارچ کی کوریج کے لیے چونگی 26 پر صحافتی فرائض سر انجام دے رہی تھی کہ مشتعل کارکنوں نے اچانک حملہ کر دیا، پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے دونوں اطراف سے حملہ کیا جس سے گاڑی کو بھاری نقصان پہنچا۔
حملے کے نتیجے میں ڈی ایس این جی کے کیمرہ مین بھی زخمی ہوگئے جبکہ ڈرائیور نے تیزی سے گاڑی بھگا کر جان بچائی، سیاسی جماعت کے مشتعل کارکنوں نے شدید پتھراؤ، ڈنڈوں اور مکوں سے حملہ کیا، ڈی ایس این جی اسٹاف کیمرہ مین اور ٹیکنیشن نے بڑی مشکل سے جان بچائی۔