بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور نے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) 2024 میں شرکت کے دوران ایک دلچسپ واقعہ شیئر کیا، جس نے سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ عالیہ بھٹ کو ابتدائی ملاقات میں مشہور گلوکار کشور کمار کے بارے میں معلوم نہیں تھا۔
رنبیر نے کہا، "مجھے یاد ہے جب میں نے پہلی بار عالیہ سے ملاقات کی، تو اس نے مجھ سے پوچھا، 'یہ کشور کمار کون ہیں؟' یہ زندگی کا ایک چکر ہے، لوگ بھول جاتے ہیں۔ ہمیں اپنی جڑوں کو یاد رکھنا ضروری ہے۔"
رنبیر کے اس انکشاف پر سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل سامنے آئے۔ کچھ لوگوں نے اس واقعے کو مزاحیہ انداز میں لیا اور رنبیر کو عالیہ کا "ذاتی ٹرول" قرار دیا، جبکہ دوسروں نے عالیہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ بات ہوئی، وہ صرف 9 سال کی تھیں۔
رنبیر نے اپنے دادا راج کپور کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے راج کپور فلم فیسٹیول کے انعقاد کا اعلان بھی کیا، جو 13 دسمبر سے 15 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران راج کپور کی 10 مشہور فلموں کے بحال شدہ ورژن دکھائے جائیں گے۔
رنبیر نے کہا، "ہم یہ فیسٹیول پورے بھارت میں منعقد کریں گے تاکہ ان کے کام کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھا جا سکے۔"