بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی 81 ویں ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔ پرتھ کے میدان میں یہ ناقابلِ فراموش اننگز ان کے شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گئی۔
کوہلی نے اپنی سنچری کے بعد اہلیہ انوشکا شرما کو کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی کامیابیوں اور مشکلات میں ہمیشہ مضبوط سہارا بنی رہیں۔ میدان میں انوشکا کی موجودگی کوہلی کے لیے خاص اہمیت رکھتی تھی، اور سنچری مکمل کرنے کے بعد ان کے جانب کوہلی کی فلائنگ کس کا لمحہ دیکھنے والوں کے لیے جذباتی تھا۔
رپورٹس کے مطابق، کمنٹری کے دوران روی شاستری نے 2015 کی ایک دلچسپ کہانی شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ ویرات نے اس وقت بی سی سی آئی سے درخواست کی تھی کہ انوشکا ان کے ساتھ آسٹریلیا کے سیریز میں شامل ہوں، حالانکہ اس وقت بورڈ کی "صرف بیویوں" کی پالیسی تھی اور دونوں شادی شدہ نہیں تھے۔
شاستری نے کہا، “میں نے بی سی سی آئی سے بات کی، اور انہوں نے خصوصی اجازت دے دی۔ انوشکا کی موجودگی نے ویرات کے حوصلے بلند کر دیے۔ اسی سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں کوہلی نے 160 رنز کی ناقابلِ یقین اننگز کھیلی۔”
کوہلی نے اپنی حالیہ مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انوشکا ان کے مشکل وقت کو گہرائی سے سمجھتی ہیں اور ان کا ساتھ ہمیشہ ان کی ہمت بڑھاتا ہے۔ روی شاستری نے بھی اس بات پر زور دیا کہ کوہلی کی فارم میں واپسی مخالف ٹیموں کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، اور یہ سیریز میں ہندوستان کی کامیابی کے امکانات کو مضبوط بنائے گی۔