لاہور:
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کے خلاف فرد جرم کی تاریخ مقرر کر دی۔
اے ٹی سی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ عمر سرفراز چیمہ کو لاء ان آرڈر کی صورتحال کے باعث کوٹ لکھپت جیل میں پیش نا کیا جا سکا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو فرد جرم کے لیے طلب کرلیا ہے۔ اے ٹی سی جج نے کہا کہ دو دسمبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔
پولیس پر تشدد کرنے اور انتشار پھیلانے کا کیس
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پانچ اکتوبر کو پولیس پر تشدد کرنے اور انتشار پھیلانے کے کیس میں نائب صدر پی ٹی آئی اکمل خان باری کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا۔
پی ٹی آئی کے نائب صدر اکمل خان باری کو پولیس نے چہرہ ڈھانپ کر عدالت کے روبرو پیش کیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ دو روز قبل اس ملزم کو میں نے کسی اور مقدمے میں ڈسچارج کیا، پرسوں میں نے ایک ملزم کو ڈسچارج کیا تو اب کیسے شناخت پریڈ پر بھیج دوں، پراسیکیوٹر صاحب آپ بتائیں اس کیس میں کیسے شناخت پریڈ ہو سکتی ہے۔