میئر کراچی کا کچرا پھیلانے والوں کو 3 سال قید اور جرمانے کا عندیہ

ایم کیو ایم کے دور میں کے ایم سی اسپتالوں کی حالت بدتر ہوئی ، مرتضیٰ وہاب


اسٹاف رپورٹر November 23, 2024

کراچی:

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں کچرا پھیلانے والوں کیخلاف سخت انتظامات کا عندیہ دے دیا۔

عباسی شہید اسپتال کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کچرا پھیلانے والوں کو 3 سال قید اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ مل کر شہر کی صفائی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے دور میں کے ایم سی کے زیر انتظام اسپتالوں کی حالت بدتر ہوئی جبکہ جماعت اسلامی نے ضلع وسطی میں امراض قلب اسپتال کی تجویز کو سیاست کی نذر کردیا۔

عباسی شہید اسپتال کی 50 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اسپتال میں گولڈن جوبلی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر اسپتال میں آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ، لیبس، ڈینٹل او پی ڈی اور مردہ خانے کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جبکہ سی ٹی اسکین اور میموگرافی بھی شروع کردی گئی جس کی افتتاحی تقریب میں میئر کراچی مرتضٰی وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ اسپتال ذوالفقار علی بھٹو نے ضلع وسطی کی عوام کے لیے قائم کیا تھا لیکن گزشتہ پچاس سالوں میں اسپتال کی حالت زار عوام کے سامنے ہے، عباسی شہید اسپتال کے وسائل عوام کی امانت ہیں اور انہیں عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، اسپتال میں کے ایم سی کا سب سے بڑا مردہ خانہ دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے، جہاں 60 میتوں کو عزت کے ساتھ رکھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں سی ٹی اسکین کی سہولت صرف 1500 روپے میں فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ دیگر اداروں میں یہ 5 سے 6 ہزار روپے میں ہوتی ہے، اسی طرح میموگرافی کی سہولت، جو نجی اسپتالوں میں 13 ہزار روپے میں کی جاتی ہے، یہاں صرف 1500 روپے میں دستیاب ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔