اسلام آباد:
خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پارا چنار میں حکومتی وفد کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفد مکمل طور پر محفوظ ہے اور مذاکرات کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر حکومتی وفد ضلع کرم میں امن و امان کی بحالی کے لیے ضلعی عمائدین اور قبائلی رہنماؤں سے مذاکرات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اہل تشیع کے رہنماؤں سے مفصل اور مثبت ملاقاتیں ہوئیں، جن میں مسائل کے حل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اگلے مرحلے میں اہل سنت کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح دونوں فریقین کے درمیان سیز فائر کروانا اور پائیدار امن قائم کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی واضح ہدایات ہیں کہ تمام مسائل بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں تاکہ خطے میں مستقل امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی وفد ضلع میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
قبل ازیں اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پارا چنار جانے والے کے پی حکومت کے وفد کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں حکومتی وفد محفوظ رہا۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر بیرسٹر سیف، صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، کمشنر کوہاٹ ڈویژن، ڈی آئی جی کوہاٹ اور ڈی پی او سمیت دیگر اعلی افسران پر مشتمل وفد کرم کے حالات کا جائزہ لینے اور امن و امان کی بحالی کے لیے جرگے کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے کرم پہنچا تھا۔
قبل ازیں آفتاب عالم ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت، پولیس اور دیگر ادارے مل کر امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، امن و امان کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے اور بھرپور کردار ادا کریں گے۔
بیرسٹر سیف کی سربراہی میں حکومت وفد کا کرم کا دورہ، اہل تشیع رہنماؤں سے ملاقاتیں
دریں اثنا مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کی سربراہی میں حکومتی وفد نے ضلع کرم کا دورہ کیا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر حکومتی وفد ضلعی عمائدین سے جرگہ کر رہا ہے، کشیدگی کے خاتمے کے لیے تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، آج اہل تشیع کے رہنماؤں سے مفصل ملاقاتیں ہوئیں، مسائل کے حل کے لیے مثبت گفتگو ہوئی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ اگلے مرحلے میں اہل سنت کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی، ہماری اولین ترجیح دونوں فریقین کے درمیان سیز فائر کروا کر پائیدار امن قائم کرنا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی واضح ہدایات ہیں کہ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔