کراچی:
سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان ریلوے کی جنب سے ’کے الیکٹرک‘ کو جاری ڈیمانڈ نوٹس پر حکم امتناع جاری کردیا۔
ہائیکورٹ میں کے الیکٹرک نے پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری کیے گئے ڈیمانڈ نوٹس کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ پاکستان ریلوے بجلی کے کھمبوں، تاروں کی مد میں مسلسل رقم کا تقاضا کررہا ہے۔ پاکستان ریلوے کے الیکٹرک کو چار مرتبہ ڈیمانڈ نوٹس بھیج چکا ہے۔
کے الیکٹرک کے وکیل نے کہا کہ قانون کے تحت پاکستان ریلوے کو پیسے مانگنے کا اختیار نہیں، یہ انسٹالیشن کے الیکٹرک کی نجکاری سے پہلے کی گئیں، پاکستان ریلویز صرف بجلی کے بلز کی ادائیگی سے بچنے کیلیے یہ ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے، اسی لیے کبھی 50 کروڑ اور کبھی 5 ارب کی ڈیمانڈ کی جاتی ہے۔
پاکستان ریلوے کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے رقم ادا نہیں کی تو اسکی انسٹالیشن ہٹادی جائیں گی۔ عدالت نے پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری کیے گئے 4 ڈیمانڈ نوٹس پر حکم امتناع جاری کردیا۔ عدالت نے پاکستان ریلوے کی جانب سے کے الیکٹرک کو جاری ڈیمانڈ نوٹس معطل کردیے۔
عدالت نے پاکستان ریلوے، ڈپٹی اٹارنی جنرل و دیگر کو نوٹس جاری کردئیے۔ عدالت نے فریقین سے 12 دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔