اسرائیلی فوج کی جنوبی لبنان میں بمباری کے نتیجے میں طبی عملے کے سات اہلکار شہید ہوگئے۔
اسرائیلی میزائل جنوبی لبنان میں واقع گیارہ منزلہ عمارت کے وسط میں ٹکرایا جس سے عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی جبکہ اس عمارت میں دکانوں کے علاوہ اپارٹمنٹس بھی تھے اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ملبہ سڑک پر بکھر گیا۔
بالبک شہر میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں دارالعمل یونیورسٹی اسپتال کے ڈائریکٹر جنرل سمیت طبی عملے کے سات اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جنوبی علاقے میں صیہونی زمینی فوج کی جھڑپیں بھی جاری ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں قحط جیسی صورتحال پیدا ہوچکی ہے اکثر بیکریوں پر آٹا ختم ہوگیا ہے جبکہ زیادہ تر بیکریاں کئی روز سے بند ہیں۔
کمال عدوان اسپتال پر بھی اسرائیلی حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں جنریٹر تباہ ہونے سے اسپتال کی بجلی منقطع ہوگئی ہے، محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث ایندھن ختم ہوگیا ہے جبکہ غزہ کے تمام اسپتال کسی بھی وقت بند ہو سکتے ہیں۔