امریکی ریاست جارجیا میں سالِ نو کا جشن بالکل غیرمعمولی اور انوکھے انداز سے منایا جائے گا جس کی منظوری بھی دیدی گئی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں سال 2025 کا استقبال 16 منزلہ ہوٹل کو دھماکے سے اڑا کر کیا جائے گا جس میں لاکھوں ڈالرز خرچ ہوں گے۔
اس عمارت کا نقشہ مشہور آرکیٹیکٹ موریس لیپیدس نے بنایا تھا جو فاؤنٹین بلیو سمیت متعدد عالمی شہرت یافتہ ہوٹل کے معمار ہیں۔
یہ ہوٹل 1970 میں کھولا گیا تھا لیکن یہ کبھی بھی کامیابی سے نہ چل سکا تھا۔ جس کے بعد نیویارک کے بینکنگ ڈیپارٹمنٹ نے ہوٹل کو1991 میں سربمہر (sealed) بھی کردیا تھا۔
آخری بار اس ہوٹل کو رمادا پلازہ کے طور پر استعمال کیا گیا۔ یہ تجربہ بھی ناکام ثابت ہوا تاہم 2017 سے یہ خالی پڑا ہے۔
جس کے بعد میکون کاؤنٹی نے پچھلے برس ساڑھے 45 لاکھ ڈالر کے عوض ہوٹل کی عمارت خریدلی تھی۔
اور اب اس کی مسماری کے لیے 20 لاکھ 60 ہزار ڈالر میں ایک فرم کی خدمات حاصل کی ہیں۔
کاؤنٹی میئر مِلر کا کہنا ہے کہ ہوٹل کی مسماری میں جو پیسا خرچ ہوگا اس سے سو گنا واپس مل جائے گا جب یہاں ایک نئی چیز تعمیر ہوگی۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ کاؤنٹی کمیشن اس ہوٹل کی جگہ کیا چیز تعمیر کرنا چاہتی ہے لیکن دریا کے بالکل سامنے واقع ہونے کی وجہ سے اس کی لوکیشن کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
اس ہوٹل کے قریب ہی ایک تاریخی چرچ ہے جو1851 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ چرچ انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہوٹل کی مسماری سے چرچ کی عمارت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔