محکمہ ایکسائز اسلام آباد نے جعلی کاغذات پر نان کسٹم گاڑیوں کی رجسٹریشن میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے ضمانت منسوخ ہونے پر بوگس دستاویزات پر گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتارکیا۔ گرفتار ملزمان میں فیض الحسن اور شہریار تنولی شامل ہیں۔ملزمان کے خلاف کارروائی محکمہ ایکسائز کی جانب سے شکایت پر عمل میں لائی گئی۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے لگژری گاڑیوں کو جعلی کسٹمز امپورٹ دستاویز کے ساتھ رجسٹرڈ کرنے کی کوشش کی۔ ملزمان نے مجموعی طور پر 4 لگژری گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لئے جعلی امپورٹ لیٹرز، آکشن لیٹرز جمع کروائے۔ مذکورہ دستاویزات کو کسٹم حکام نے بھی جعلی قرار دیا۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔