پشاور ائیرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کارروائی کرتے ہوئے دوحا جانے والے مسافر کے پیٹ سے 59 آئس بھرے کیپسول برآمد کرلیے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق لاہور میں کورئیر آفس کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 2 لیڈیز سوٹس کے باکس میں چھپائی گئی 376 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ مختلف کارروائیوں میں 10 ملزمان کو گرفتار کرکے 32 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 11.148 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 618 گرام ہیروئن اور سیالکوٹ میں کوریئر آفس سے نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے پائپس میں چھپائی گئی 570 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔
گجرات میں یونیورسٹی کے قریب دو ملزمان سے 1.200 کلو گرام چرس جبکہ اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 200 گرام چرس برآمد ہوئی۔ سواں پل راولپنڈی یونیورسٹی کے قریب دو ملزمان سے 225 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔ شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب دو ملزمان کو گرفتار کرکے 7.200 کلو چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔