اسلام آباد: وزیرِاعظم نے ٹیکس فراڈ کی نشاندہی کرنے والے ایف بی آر افسر کو 50 لاکھ روپے نقد انعام سے نواز دیا۔
وزیرِاعظم سے کھربوں روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کی کوشش کی نشاندہی کرنے والے ایف بی آر کے سینئر افسر اعجاز حسین نے وزیرِاعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیرِ اعظم نے آفیسر اعجاز حسین کی پذیرائی کرتے ہوئے ان کی ایمانداری کے اعتراف میں ان کیلئے 50 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا
وزیرِاعظم نے اعجاز حسین کی فرض شناسی پر انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے ایماندار لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے، غریب عوام کے ٹیکس چوری کرنے والوں اور انکی معاونت کرنے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس فراڈ کی اس کوشش کی تفصیلی تحقیقات کے بعد ذمہ داران کو قانون کے کٹھرے میں لائے اور سزا دلوانے کیلئے بہترین قانونی ٹیم کی خدمات حاصل کرے۔
وزیرِاعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلز ٹیکس چوری کیلئے ایک 80 برس کی خاتون کے کوائف کو استعمال کیا گیا، 4 مارچ 2024 کو اعجاز حسین نے ٹیکس فراڈ کی اس کوشش کی نشاندہی کی. ابتدائی طور پر 37 کروڑ منتقل بھی ہوا جس کی ریکوری کا عمل جاری ہے. ٹیکس فراڈ کی کوشش میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ تفصیلی تحقیقات کے بعد ٹیکس فراڈ کی کوشش میں مبینہ معاونت کرنے والے ایف بی آر کے حکام کی نشاندہی کرکے انہیں بھی قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔