کراچی:
دفاعی نمائش آئیڈیاز2024کے تسلسل میں سی ویو پرشہریوں کے لیے جمعرات کو کراچی شوکا انعقاد کیاجائےگا،تینوں مسلح افواج اپنے جنگی اثاثوں کے ساتھ شریک ہوں گے،پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرزکے علاوہ پاک فضائیہ کے جنگی ہوائی جہازوں کا فلائی پاسٹ بھی ہوگا۔
نشان پاکستان،سی ویو پر جمعرات کی سہ پہرٹرائی سروسز کراچی شوکا انعقاد کیا جائےگا،جس میں پاک بحریہ کے ہوائی اوربحری اثاثوں کے علاوہ ایس ایس جی کمانڈوزہزاروں فٹ کی بلندی سےجمپ لگانے کاشاندارمظاہرہ پیش کریں گے۔
تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ ہوں گے، تینوں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تربیت کودیکھنے کے لیے مختلف ممالک کے سفیر،مندوب ومبصرین بھی شریک ہوں گے۔
کراچی شومیں پاک فضائیہ کے جے ایف سیونٹین تھنڈراورایف سولہ طیاروں کا فلائی پاسٹ ہوگا جبکہ انسداد دہشت گردی آپریشن کے علاوہ پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں شامل سی کنگ ہیلی کاپٹرزکےذریعے پیشہ ورانہ تربیت کا عملی مظاہرہ پیش کیاجائےگا۔
پاک بحریہ کے پیراٹروپرزمختلف ممالک کے جھنڈوں اور سبزہلالی پرچم کے ساتھ ہزاروں فٹ کی بلندی سے سی ویوپرجمپ کریں گے۔
واضح رہے کہ ساحل پر کراچی شوآئیڈیاز2024 دفاعی نمائش کے تسلسل میں شہریوں کے لیے منعقد کیا جارہا ہے۔