چیمپینز ٹرافی کی جمعرات کو کراچی کے نیشنل بنک اسٹیڈیم میں رونمائی ہوگی

ٹور شیڈول کے مطابق ٹرافی 25 نومبر تک کراچی میں رہےگی اور مزار قائد کے بعد مہوٹہ پیلس بھی لے جایا جائے گا


زبیر نذیر November 21, 2024

چیمپینز ٹرافی کی جمعرات کو نیشنل بنک اسٹیڈیم میں رونمائی ہوگی، آئی سی سی کی زیر نگرانی پی سی بی کے تحت جمعرات کی صبح ٹرافی کو نیشنل بنک اسٹیڈیم لایا جائے گا اور رونمائی کے بعد میڈیا کے لیے ٹرافی کا فوٹو سیشن ہوگا۔


چیمپینز ٹرافی بدھ کے روز دوپہر اسلام آباد سے کراچی ایئرپورٹ پہنچی اور مقامی ہوٹل لے جاتے ہوئے ٹرافی راستے میں شارع فیصل پر ٹریفک میں پھنس گئی جس کی وجہ سے شام کو ٹرافی کا سرکاری فوٹو سیشن نہ ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام کو ٹرافی کے ٹور کے حوالے سے سیکیورٹی کلیرنس کا انتظار ہے، انتظامیہ کی جانب سے اجازت ملنے کی صورت میں جمعرات کو ٹرافی کے ٹور کو حتمی شکل میں سامنے لایا جائےگا۔

مزید پڑھیں: چمپیئنز ٹرافی دورہ پاکستان کے آخری مرحلے میں آج کراچی پہنچے گی

ٹور شیڈول کے مطابق ٹرافی 25 نومبر تک کراچی میں رہےگی جسے مزار قائد کے بعد مہوٹہ پیلس بھی لے جانے کا پروگرام ہے، عوامی نمائش کے لیے مختلف مقامات پر رکھنے کے ساتھ ٹرافی کی نجی تعلیمی اداروں میں بھی نمائش طے ہے، دورہ پاکستان کے اختتام پر ٹرافی 26نومبر کو افغانستان پہنچا دی جائے گی،28 نومبر تک افغانستان میں نمائش ہوگی، ٹرافی 10 سے 13 دسمبر بنگلا دیش،15سے 22 دسمبر جنوبی افریقا میں رہے گی، 25 دسمبر سے 5 جنوری تک آسٹریلیا میں ٹور ہوگا، 6 سے 11جنوری نیوزی لینڈ، 12سے 14 جنوری انگلینڈ میں ٹور طے ہے اور آخر میں 15سے 26جنوری تک بھارت میں ٹرافی ٹور ہو گا۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ بھارتی انکار پر آئی سی سی بورڈ ممبرز کے درمیان ووٹنگ کا امکان 

ٹرافی کے دورہ پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ہوا، چیمپئنز ٹرافی کو دامن کوہ فیصل مسجد اور پاکستان مونومنٹ میوزیم، متعدد تعلیمی اداروں اور مختلف مقامات پر لےجایا گیا، ٹرافی نے ٹیکسلا، خانپور، ایبٹ آباد، مری اور نتھیا گلی کا ٹور بھی کیا، آئی سی سی نے بھارتی دباؤ کے بعد ٹرافی کے دورہ پاکستان شیڈول میں رد و بدل کیا تھا، تین شہروں اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں ٹرافی کا دورہ منسوخ کر دیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں