پاکستانی اداکارہ مریم نور اپنے نومولود بیٹے نائل کی تصویر پر ایک سوشل میڈیا صارف کے نامناسب تبصرے پر ناراض ہوگئیں۔
چند روز قبل مریم نے اپنے بیٹے کا ایک خوبصورت فوٹو شوٹ انسٹاگرام پر شیئر کیا، جس پر مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا گیا۔
تاہم، ایک خاتون صارف حمیرا عمران نے کمنٹ کیا، "آپ نے بچے کا سر بنایا ہے؟ اگر بنایا ہے تو کیا ٹپس ہیں؟" یہ سوال اداکارہ کو ناگوار گزرا۔
مریم نور نے سخت الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا، "جیسا اللہ نے بنایا ہے ویسے ہی پسند ہے مجھے۔ سر بنانا پاکستانیوں میں ایک بیماری ہے۔ میری سب سے درخواست ہے کہ اس بیماری سے دور رہیں اور اپنے بچوں کو بھی دور رکھیں۔"
اداکارہ کا جواب سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، اور صارفین نے مریم کی صاف گوئی کو سراہا۔
پاکستان میں کئی گھروں میں یہ تصور پایا جاتا ہے کہ نومولود کے سر کی مالش یا مخصوص انداز میں لٹانے سے بچے کا سر گول اور خوبصورت ہو سکتا ہے۔ یہ روایت بعض افراد کے لیے معمول کی بات ہے، لیکن مریم نور نے اس سوچ کو "غیر ضروری" اور "بیماری" قرار دیتے ہوئے اس پر تنقید کی ہے۔
اداکارہ کے اس بیان نے عوام میں ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے، جہاں کچھ لوگ ان کی حمایت کر رہے ہیں اور کچھ اسے روایت کے خلاف سمجھ رہے ہیں۔