آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹی20 سیریز میں وائٹ واش کردیا

پاکستان کا 118 رنز کا ہدف کینگروز نے 11.2 اوورز میں حاصل کرلیا


ویب ڈیسک November 18, 2024

تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔


ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کا 118 رنز کا ہدف 11.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے مارکوس اسٹونس نے 27 گیندوں پر پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی بدولت ناقابل شکست 61 رنز بنائے جبکہ جوش انگلس نے 27 اور جیک فراسر نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی، عباس آفریدی اور جہانداد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پاکستانی بلے باز آسٹریلوی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پاکستان کی پوری ٹیم 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان ٹیم پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 18.1 اوورز میں 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بابراعظم 41 اور حسیب اللہ خان 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

شاہین آفریدی 16، صاحبزادہ فرحان 9، جہاندداد خان 5، عثمان خان 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سلمان آغا، عباس آفریدی سفیان مقیم ایک، ایک رن بناسکے، حارث روف صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی طرف سے ایرون ہارڈی نے 3، ایڈم زمپا اور اسپینسر جانسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم کی قیادت نائب کپتان سلمان علی آغا نے کی جبکہ محمد رضوان میچ میں شریک نہیں ہوئے۔

پاکستانی پلیئنگ الیون میں صاحب زادہ فرحان، بابر اعظم، حسیب اللہ، سلمان علی آغا، عرفان خان نیازی، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، جہانداد خان، حارث رؤف اور سفیان مقیم شامل تھے۔

واضح رہے کہ میزبان آسٹریلیا ابتدائی دو میچز میں فتح کے ساتھ پہلے ہی سیریز اپنے نام کرچکا تھا۔

آسٹریلیا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 29 اور دوسرے میچ میں 13 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستانی ٹیم اب تک کینگروز کو آسٹریلیا میں ٹی 20 میچ میں شکست نہیں دے سکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں