شکاریوں کے لیے بڑی خبر، تیتر شکار کے سیزن کا اعلان ہوگیا

صوبے کی مختلف تحصیلوں میں یکم دسمبر سے 31 جنوری تک صرف اتوار کے روز شکار کی اجازت ہوگی


آصف محمود November 16, 2024

ادارہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب نے صوبے کی مختلف تحصیلوں میں کالے اور بھورے تیتر کے شکار کے سیزن کا اعلان کردیا، صوبے کی مختلف تحصیلوں میں یکم دسمبر سے 31 جنوری تک صرف اتوار کے روز شکار کی اجازت ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کو موصول ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے ضلع راجن پور، بہاولپور، رحیم یارخان اور بہاولنگر میں تیتر کے شکار پر مکمل پابندی ہوگی۔

بعض اضلاع کی مخصوص تحصیلیوں میں شکار کی اجازت دی گئی ہے۔ ان میں ضلع راولپنڈی کی تحصیل کلرسیداں، راولپنڈی،ضلع جہلم کی تحصیل سوہاوہ، دینہ، ضلع چکوال کی تحصیل تلہ گنگ، چکوال،ضلع میانوالی کی تحصیل میانوالی، ضلع خوشاب کی تحصیل خوشاب، ضلع بھکر کی تحصیل دریا خان، ضلع اٹک کی جنڈ، پنڈی گھیپ اور ضلع ڈی جی خان کی تحصیل ڈی جی خان میں شکار کی اجازت ہوگی جبکہ ان اضلاع کی باقی تحصیلوں میں شکار پر پابندی ہوگی، پنجاب کے دیگر تمام اضلاع میں شکار کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کارآمد شکار پرمٹ، اسلحہ لائسنس کے ساتھ صرف اتوار کے روز شکار کی اجازت ہوگی۔ ایک پرمٹ کے ساتھ ایک دن میں صرف 6 پرندے شکار کرنے کی اجازت ہوگی جو وائلڈلائف ایکٹ شیڈول ون میں دی گئی ہے۔ شکار پرمٹ کی فیس 580 روپے ہے۔

خودکار اسلحہ، سرکاری اسلحہ کے ساتھ شکار نہیں کیا جاسکے گا، تمام پروٹیکٹیڈ ایریاز، دفاعی تنصیبات کے علاقوں اور ممنوعہ علاقوں کے بفر زون ،نیشنل پارک میں بھی شکار کی اجازت نہیں ہوگی، سی بی سی میں متعلقہ کمیونٹی کے سربراہ کی اجازت سے شکار کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں