اے این ایف کی کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

گرفتارملزمان کےخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکےتحقیقات کا آغازکر دیا گیا ہے، ترجمان اے این ایف


آفتاب خان November 16, 2024
اے این ایف نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا—فوٹو: اے این ایف

کراچی:

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کارروائی کے دوران منشیات کی بھاری مقدارتحویل میں لے لی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں اورملک کےمختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور کراچی میں واقع کوریئرآفس پرکارروائی کے دوران برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے50عدد ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ببرلو ٹول پلازہ سکھر کےقریب مسافربس میں سوارملزم سے 994 گرام آئس برآمد کی گئی، سرگودھا میں یونیورسٹی کے قریب موٹرسائیکل سوارملزم سےایک کلو600 گرام چرس قبضے میں لی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتارملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کومنشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

اے این ایف کے مطابق پشاورمیں رنگ روڈ پرکارروائی کے دوران کارکےخفیہ خانوں سے 10 کلو 800 گرام افیون اور 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، پشاورمیں ہی ایک اورکارروائی کے دوران کوریئرآفس میں 4 پارسلز سے مجموعی طورپر12کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ پشاور میں قبضےمیں لیے گئے پارسلزسیالکوٹ، لاہوراور گوجرانولہ بھیجےجا رہے تھے۔

ٹھوکرنیاز بیگ لاہورکے قریب گاڑی میں موجود 4 ملزمان کے بیگوں اور ذاتی قبضے سے 9 کلو 600 گرام چرس اور 2 کلو 400 گرام افیون، جوہر ٹاؤن لاہورمیں کوریئر آفس کے ذریعے بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے 184 گرام آئس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران گرفتاری ملزمان سے 78لاکھ روپے مالیت کی 68کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

کارروائیوں کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ فیصل آباد میں گاڑی سے 24 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، گرفتارملزمان کےخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکےتحقیقات کا آغازکر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔