SYDNEY:
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے آسٹریلیا سے ٹی 20 سیریز میں شکست پر مثبت پہلو تلاش کرلیا۔
پاکستانی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 سیریز میں آسٹریلوی ٹیم سے تین میچز میں سے دو میں شکست تو ضرور ہوئی مگر آپ مثبت پہلو دیکھیں تو لڑکوں نے بہت اچھی باؤلنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ آسٹریلیا آسان ٹیم نہیں ہے مگر آج کے میچ میں ہم نے آسٹریلیا کو کئی مواقع دیے جس کی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکل گیا۔ کپتان نے کہا کہ میں اپنے آپ کو حالات کے حساب سے تیار کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میچ میں شکست دے کر سیریز نام کرلی
سڈنی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے 147 رنز کے جواب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا، تاہم ابتدا ہی سے ٹیم لڑکھڑا گئی اور آسٹریلوی بالرز کے سامنے زیادہ دیر ٹھہر نہیں سکی۔ قومی ٹیم آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 148 رنز کے ہدف کے جواب میں 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عثمان خان 52 رنز کی اننگز کھیل کر ٹاپ اسکورر رہے۔