190 ملین پاؤنڈ کیس؛ عمران خان، بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں مسترد کرنے کے احکامات کالعدم

ٹرائل کورٹ بریت کی دونوں درخواستوں پر دربارہ فیصلہ کرے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم


ویب ڈیسک November 15, 2024

اسلام آباد:

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی بریت کی درخواست مسترد کرنے کا احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو  دونوں درخواستوں پر دربارہ فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا.

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی بریت کی درخواستوں پر 9 صفحات کا فیصلہ جاری کردیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فیصلے میں بریت کی درخواستیں مسترد کرنے کے دو احکامات کالعدم قرار دے دیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ ٹرائل کورٹ بریت کی دونوں درخواستوں پر دوبارہ فیصلہ کرے۔

عدالت نے مزید کہا کہ نیب پراسیکیوٹر نے کہا ٹرائل آخری اسٹیج پر پہنچ چکا ہے، نیب نے موقف دیا کہ عدالتی نظیروں کے مطابق بریت کی درخواست اس اسٹیج پر قابل سماعت نہیں، احتساب عدالت نے بریت کی درخواستیں مسترد کردی تھیں جنہیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں؛ عمران خان اور بشری بی بی کی بریت درخواست خارج، تفصیلی آرڈر جاری

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپیشل جج سینٹرل نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت درخواست خارج کا تفصیلی آرڈر جاری کیا تھا، 5 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں ملزمان کی درخواستیں خارج کرنے کے حوالے سے مختلف الزامات کا ذکر کیا گیا۔

فیصلے میں لکھا تھا کہ درخواست گزاروں پر الزام ہے انہوں نے 2021 میں سعودی عرب کے ولی عہد سے بلغاری جیولری سیٹ وصول کیا، جیولری سیٹ میں بریسلیٹ، انگوٹھی، جھمکے اور نیکلیس شامل تھے۔ مذکورہ تحفہ مبینہ طور پر توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا گیا۔

تفصیلی آرڈر میں مزید کہا گیا کہ ڈپٹی ملٹری سیکریٹری نے جیولری سیٹ کی اطلاع قیمت کے تعین کے ساتھ دی تھی، قیمت کا تعین پرائیویٹ اپریزر صہیب عباس اور پھر کسٹم حکام کے ذریعے کیا گیا، انڈر ویلیو تخمینہ حاصل کرنے کیلیے اثرو رسوخ استعمال کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں