راولپنڈی:
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیردفاع شیخ سعود بن عبدالرحمان بن حسن بن علی آل ثانی اور اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات میں دفاع اور سلامتی کے امور پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سرکاری دورے پر قطر پہنچے جہاں انہوں نے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمان بن حسن بن علی آل ثانی سے ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے چیف آف اسٹاف قطر آرمڈ فورسز سے الگ ملاقات کی اور ان ملاقاتوں کے دوران دونوں جانب سے علاقائی صورت حال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قطری قیادت نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کی تعریف کی۔
قبل ازیں قطر آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو ایک پروقار گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔