کراچی:
شہر میں مختلف واقعات کے دوران 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق رزاق آباد کے علاقے میں گاڑیوں کے شوروم کے قریب گڑھے میں کام کے دوران مٹی کا تودا گرنے سے 3 افراد دب گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور چھیپا کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور سخت جدوجہد کے بعد تینوں افراد باہر نکال کر تشویشناک حالت میں جناح اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد 2 افراد کی ہلاکیت کی تصدیق کر دی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفین محنت کش تھے جن کی شناخت 45 سالہ سہیل اور 40 سالہ امجد کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 25 سالہ شاہد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے تاہم اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
نارتھ کراچی الحمید اسکول کے قریب کام کے دوران گردن پر لوہے کی چیز لگنے سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 45 سالہ فیضان کے نام سے کی گئی۔
دریں اثنا اورنگی ٹاؤن سیکٹر الیون اے فاروق کالونی قبا مسجد کے قریب پراسرار طور پر بلندی سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لے جائی گئی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 30 سالہ معین الدین کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ گھر کی چھت سے گرنے کے باعث پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔