خیبرپختونخوا میں جامعات کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے حکمت عملی تیار

وائس چانسلرز کو کہا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ کی اجازت کے بغیر نئی آسامیاں پیدا نہ کی جائیں


وصال یوسفزئی November 03, 2024

خیبرپختونخوا کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے صوبے میں جامعات کو مالی بحران سے نکالنے کی حکمت عملی تیار کرلی اور اس حوالے سے جامعات کے وائس چانسلرز کو مراسلے بھی ارسال کردیے۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم کے مطابق جامعات کو مالی بحران سےنکالنےکے لیے محکمے نے حکمت عملی تیار کرلی اور وائس چانسلرز کو مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جامعات میں نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کی جائے۔

وائس چانسلرز کو کہا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ کی اجازت کے بغیر نئی آسامیاں پیدا نہ کی جائیں، ملازمین کا غیرضروری اعزازیہ، الاؤنس، نقدی، کرایے، سبسڈی، اپ گریڈیشن بند کی جائیں اور جامعات کےملازمین کے لیےکنٹریبیوٹری پنشن فنڈز پالیسی اپنائی جائے۔

مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آمدن کو بڑھایا جائے، جامعات کے کرایے، بقایاجات اور انڈومنٹ فنڈز کو یقینی بنایا جائے، ریونیوماڈل تیارکرنے کے لیے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن سےمدد لی جائے۔

مزید کہا گیا ہے کہ داخلہ اور دیگر فیسوں کے طریقہ کار کو ڈیجیٹائز کریں، فیکلٹی ملازمین کو انتظامیہ عہدوں سے فوری ہٹانے اور طلبہ کے داخلے بڑھانے کے لیے اقدامات کیےجائیں۔

صوبائی محکمہ اعلیٰ تعلیم نے وائس چانسلرز سے کہا ہے کہ بیشتر جامعات کی جانب سے فنڈز فراہم کرنے کی درخواستیں آئی ہیں، جامعات کو حکومتی فنڈز پر انحصار کے بجائے حکمت عملی اپنانا ہوگی، محکمہ اعلیٰ تعلیم اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے آڈٹ کرے گا۔

وائس چانسلرز کو وضاحت کردی گئی ہے کہ صوبائی محکمہ اعلیٰ تعلیم کے تجویز کردہ ان اقدامات پرعمل درآمد کے بغیر جامعات کو امدادی فنڈ فراہم نہیں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں