اسلام آباد میں نامعلوم شخص کو سرکاری اسلحہ الاٹ ہونے کا انکشاف

نامعلوم شخص کو جدید گن اور جیکٹ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی آمد پرالاٹ کی گئی،ذرائع


ویب ڈیسک October 31, 2024

اسلام آباد میں جدید سرکاری اسلحہ غیرمجاز شخص کو الاٹ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق  نامعلوم شخص روٹ ہیڈ کوارٹرز سے جاری ایس ایم جی گن اور جیکٹ لے کر فرار ہوگیا۔ باوردی شخص نے اپنا نام دلاور بتایا اور خود کو ایس پی یو کا اہلکار ظاہرکیا۔ دلاور نامی شخص نے بیلٹ نمبر 283 ظاہرکیا جو صدام نامی اہلکار کا ہے۔  

تھانہ سیکیریٹ نے انچارج سیکیورٹی ڈویژن کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق  نامعلوم شخص نے  ایس ایم جی گن نمبر 2183 اورباڈی نمبر 4843472 پر جیکٹ ایشو کروائی ۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی آمد کے موقع پر یہ اسلحہ الاٹ کرایا گیا۔ نامعلوم شخص نے دھوکہ دہی سے سرکاری گن کسی غلط مقصد کے لیے جاری کروائی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سیکورٹی اداروں کو حالیہ بینک ڈکیتیوں میں یہی سرکاری اسلحہ استعمال کیے جانے کا شبہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔