راولپنڈی؛ بکریاں چراتے ہوئے پہاڑی پتھر میں پھنسے بچے کو بحفاظت نکال لیا گیا

ریسکیو ٹیم کئی کلو میٹر دور تک ریسکیو آلات اٹھائے پیدل جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا


ویب ڈیسک October 31, 2024

راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ کے علاقے میں بکریاں چراتے ہوئے 12 سالہ بچہ پہاڑی پتھر میں پھنس گیا جسے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے 8گھنٹے کے بعد پہاڑ کو کاٹ کر بحفاظت نکال لیا۔

ریسکیو 1122حکام کے مطابق کہوٹہ کے علاقے میں بکریاں چراتے ہوئے 12 سالہ طیب نامی بچے کے پہاڑی پتھر میں گر کر پھنس جانے کی اطلاع ملی جس پر ریسکیو کے ماہرین موقع پر پہنچنے تو دشوار گزار پہاڑی راستہ ہونے کے باعث ریسکیو ٹیم کئی کلو میٹر دور تک ریسکیو آلات اٹھائے پیدل جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔

بچے کو پتھر کے اندر سیفٹی کٹ و ہیلمٹ پہنا کر جسم میں پانی و منرلز کی کمی نہ ہو کے لیے ڈرپ لگا دی گئی جبکہ امدادی کاروائی کے دوران بھی بچے کو کھانے پینے کی اشیاء پتھر کے اندر ہی فراہم کی جاتی رہیں۔ تقریباً 8 گھنٹے جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے دوران پہاڑ کے سوارخ جس میں بچہ پھنسا ہوا تھا کو کاٹ کر وسیع کیا گیا اور بالآخر بچے کو بحفاظت پتھر سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ پہاڑی پتھر انتہائی سخت تھا اور بچہ اندر ہونے کے باعث اسکی حفاظت یقینی بناتے ہوئے جدید آلات کی مدد سے پہاڑ کو کاٹ کر سوراخ کو کھلا کرکے بچے کو نکلا گیا۔

ادھر اہل خانہ کے مطابق بچہ گزشتہ روز بکریاں چرانے گھر سے نکلا تھا لیکن بدھ کی شب تک معمول کے مطابق گھر واپس نہ پہنچا تو بچے کی تلاش شروع کی گئی، بدھ اور جمعرات کی شب گئے بچے کے پہاڑی پتھر میں پھنسنے کا پتہ چلا جس کے بعد اہل خانہ اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو کھینچ کر پتھر سے نکالنے کی کوشش کرتے رہے جس کی وجہ سے بچے کے جسم پر زخم بھی آئے اور جسم پر سوجن بھی ہوگئی۔

اپنی مدد آپ کے تحت کامیابی نہ ملنے پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی جس پر ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچا اور ریسکیو آپریشن کرکے بچے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

دوسری جانب اہلیان علاقہ نے کامیاب آپریشن پر ریسکیو 1122 کی پیشہ ورانہ مہارت اور فرائض سے لگن کو سراہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔