لاہور سفاری پارک کا ٹھیکہ ساڑھے 13 کروڑ روپے میں دے دیا گیا

محکمہ صرف جنگلی جانوروں اور پرندوں کی دیکھ بھال اور بریڈنگ کرے گا


آصف محمود October 18, 2024
فوٹو : ایکسپریس نیوز

پنجاب وائلڈ لائف لاہور سفاری پارک کا ٹھیکہ ساڑھے 13 کروڑ روپے میں نجی کمپنی کو دے دیا گیا، محکمہ صرف جنگلی جانوروں اور پرندوں کی دیکھ بھال اور بریڈنگ کرے گا۔

پنجاب وائلڈ لائف نے سفاری پارک میں پارکنگ، انٹری، ایکوریم، الیکٹرک وہیکلز اور لائن سفاری وہیکلز کا ٹھیکہ ساڑھے 13 کروڑ روپے میں نجی کمپنی کو دیا ہے۔ معاہدے پر آج دستخط ہوگئے ہیں اور ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی نے لاہور سفاری زو انتظامیہ سے مل کر انتظامات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر مدثر حسن نے بتایا کہ ہم نے ریزرو پرائس 8 کروڑ روپے رکھی تھی جس میں تمام تر اخراجات کا جائزہ لیا گیا تھا، الحمداللہ ٹھیکہ ساڑھے 13 کروڑ روپے میں ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کی مرمت، بجلی کا بل، فش ایکوریم میں مچھلیوں کی دیکھ بھال، ان کی خوراک کی تمام تر ذمہ داری ٹھیکیدار پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کیفے ٹیریا، الیکٹرک جھولوں کا ایریا، ہارس رائیڈنگ کے ٹھیکوں کی نیلامی الگ سے ہوگی اور پرانے ٹھیکوں پر نظرثانی کی جائے گی۔

مدثر حسن نے بتایا کہ لاہور سفاری زو میں محکمہ کا جو عملہ پہلے پارکنگ، ٹکٹوں کی کلیکشن، الیکٹرک گاڑیاں چلانے میں لگا تھا وہ عملہ اب جانوروں اور پرندوں کی دیکھ بھال کرے گا۔ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کے حوالے سے ان کی کوشش ہوگی کہ ٹھیکیدار ان سے کام لے گا اور ان کا روزگار بحال رہے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے نگراں وزیراعلی پنجاب کے طور پر لاہور سفاری زو اور لاہور چڑیا گھر کی ری ویپنگ کے منصوبے شروع کیے تھے۔ دونوں منصوبوں پر پانچ ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ لاہور سفاری زو میں اب تک دو ارب روپے کے قریب فنڈز استعمال ہوچکے ہیں تاہم ابھی یہاں ہاتھی اور زرافے لائے جانے ہیں۔

واضع رہے کہ اس سے قبل لاہور سفاری زو کے اخراجات پورے کرنے کے لیے پنجاب وائلڈ لائف کو محکمہ خزانہ سے فنڈز لینا پڑتے تھے تاہم اب لاہور سفاری زو ایک کماؤ پتر کا کردار ادا کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں