پنجاب حکومت کا لاہور میں 7 سے 9 نومبر یوتھ فیسٹیول کرانے کا اعلان
افتتاحی تقریب فورٹریس اسٹیڈیم میں ہوگی، فیسٹیول کے لوگو اور فلوٹ کی رونمائی کردی گئی
پنجاب حکومت نے لاہور میں 7 سے 9 نومبر تک یوتھ فیسٹیول کرانے کا اعلان کردیا۔
فیسٹیول کے لوگو اور فلوٹ کی رونمائی کردی گئی، صوبائی وزیرکھیل ملک فیصل ایوب کھوکھراور صوبائی وزیرایجوکیشن رانا سکندر حیات نے پریس کانفرنس میں یوتھ فیسٹیول کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب 7 نومبر کو فورٹریس اسٹیڈیم میں ہوگی۔
صوبائی وزیر کھیل کے مطابق لاہور یوتھ فیسٹیول نوجوانوں کیلئے تحفہ ہے، یوتھ فیسٹیول میں رسہ کشی، میراتھن، فن ریس، سائیکلنگ، ڈسکس تھرو اور جیولن تھرو کے مقابلے رکھے گئے ہیں۔ اسپورٹس کے ساتھ کلچرل، آرٹ، آئی ٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جینس، میجک پرفارمنس ودیگر مقابلے بھی ہوں گے۔
لاہور یوتھ فیسٹیول کے ذریعے بڑے پیمانے پر طالب علموں کو اسپورٹس ودیگر سرگرمیوں میں اینگیج کیا جارہا ہے، فیصل ایوب کھوکھر نے بتایا کہ کھیلتا پنجاب گیمز میں اب تک پنجاب کے سوا لاکھ کھلاڑی رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، کھیلتا پنجاب گیمز میں کھلاڑیوں کو دس کروڑ روپے کے انعامات دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت کھیلوں کے مقابلے کروائے جارہے ہیں، مریم نواز شریف کی کابینہ کے وزراء ہمیشہ مثبت سرگرمیوں کے اعلانات کرتے رہتے ہیں، ان سپورٹس پروگراموں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، پنجاب سٹیڈیم میں لاہور یوتھ فیسٹیول کے ٹرائلز ہوں گے۔
اس موقع پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ سپورٹس پروگرام سے ارشد ندیم جیسے اتھلیٹس سامنے آئیں گے، ماضی میں جہانگیر خان، جان شیر خان، ہاکی، سکواش سمیت دیگر کھیلوں میں ہم نے دنیا میں نام کمایا ہے، اس عظمت رفتہ کیلئے کھیلوں کے مقابلے کروائے جارہے ہیں۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ ہم ٹیکنالوجی اور میوزک کے بھی ایونٹس کروانے جارہے ہیں، ہماری یوتھ میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، ہم نوجوانوں کو کھیلوں کی سمت لارہے ہیں، اسپورٹس ایونٹس سے نوجوانوں کو امید ملتی ہے، اپنجاب میں بچوں کو اسکولوں میں دودھ کے ڈبے دیے جارہے ہیں، پنجاب میں ہر طرف ترقی نظر آرہی ہے۔