بُک شیلف

ادبی کتابوں کا دلچسپ مجموعہ


ارشاد احمد ارشاد September 22, 2024
جانیے دلچسپ کتابوں کے احوال۔ فوٹو: فائل

آئینہ جمال نبوت ﷺ


زیر تبصرہ کتاب '' آئینہ جمال نبوت '' سیرت طیبہ کے موضوع پر بہت ہی با کمال اور لاجواب کتاب ہے۔ یہ دارالسلام کی خوبصورت ترین کتابوں میں سے ہے۔ یہ کتاب ظاہری اعتبار سے جتنی خوبصورت ہے مضمون کے اعتبار سے اس سے بھی کہیں زیادہ خوبصورت ہے۔ یہ بات یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ اردو میں یہ پہلی کتاب ہے جس میں نبی ﷺ کا سراپا اتنی تفصیل سے بیان کیا گیا ہے ۔

عالم عرب کے معروف سکالر فضیلۃ الشیخ ابراہیم بن عبداللہ الحازمی نے عربی زبان میں '' الرسول کانک تراہ ' کے عنوان سے ایک کتاب لکھی جسے دارالسلام نے '' آئینہ جمال نبوت '' کے نام سے شائع کیا ہے۔ اس کتاب کا اردو ترجمہ شارح بخاری ، شیخ الحدیث مفتی حافظ عبدالستار حماد نے کیا ہے جبکہ کتاب میں تمام احادیث کی تحقیق وتخریج محدث دوراں حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ نے کی ہے۔

اس طرح سے اس کتاب کی اہمیت کو چار چاند لگ گئے ہیں ۔ ترجمے کا اسلوب شاندار ادبی رنگ میں کیا گیا ہے جسے پڑھتے ہوئے دلوں کو سکون ملتا ہے ۔کتاب کے ناشر عبدالمالک مجاہد کہتے ہیں '' میں عرصہ دراز سے کسی ایسی کتاب کا متلاشی تھا جس میں رسول اللہ ﷺ کے حلیہ مبارک کو تفصیل سے اور صحیح احادیث کی روشنی میں مرتب کیا گیا ہو ۔

میری اس تلا ش کا پس ِ منظر صرف حسن عقیدت ہی نہیں بلکہ ایک شرعی تقاضہ بھی تھا کیونکہ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے بلاشبہ شیطان میری صورت نہیں بنا سکتا اس لیے جو مجھے خواب میں دیکھتا ہے وہ حقیقت میں مجھ ہی کو دیکھتا ہے ۔کتاب میں نبی ﷺ کے حلیہ مبارک کے درج ذیل پہلوئوں کا احاطہ کیا گیا ہے : دلکش رنگت ، مبارک رخ انور ، پرکشش آنکھیں ، خوبصورت ابروـــ ــ، فراخ دہن ، چمکدار دندان پاک ، خوبصورت ستواں ناک ، حسین و ہموار رخسار ، پر نور کشادہ پیشانی ، خوشنما گردن مبارک ، پر جمال سر مبارک ، مضبوط پر گوشت کندھے ، فراخ سینہ ، شکم اطہر ، متوازن ناف ، سڈول کمر ، مضبوط کلائیاں ، کسرتی مضبوط پنڈلیاں ، ترشی ہوئی خوبصورت ایڑیاں ، خوشنما اور متوازن پاؤں ، گھٹے ہوئے مضبوط جوڑ ، پر گوشت خوبصورت ہتھیلیاں ، دلآویز انگلیاں ، کندھوں کا درمیانی حصہ ، متناسب خوبصورت کان ، گھنے سیاہ بال ، پرنور گھنی داڑھی ، تراشیدہ مونچھیں ، سفید نقر ئی بال ، خوشبودار عنبریں پسینہ ، رفتار باوقار اور مہر نبوت ۔ نہایت ہی نفیس پیپر ، بہت انتہائی دیدہ زیب سرورق اور چہار کلر طباعت نے کتاب کو بہت ہی دلکش بنا دیا ہے ۔ کتاب کی قیمت 450 روپے ہے ۔ یہ کتاب دارالسلام کے مین شوروم نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لوئر مال سے حاصل کی جاسکتی ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کے لیے درج ذیل نمبر پر رابطہ کریں ) 042-37324034 (

آفتاب نبوت کی سنہری شعاعیں


سیرت النبی ﷺ ایک ایسا دلنشین موضوع ہے جس پر دنیا میں سب سے زیادہ لکھا گیا اور لکھا جاتا رہے گا ۔ سیرت النبی ﷺ پر لکھی گئی ہر کتاب کی اپنی انفرادیت ہوتی ہے لیکن دارالسلام کی شائع کردہ پیش نظر کتاب '' آفتاب نبوت کی سنہری شعاعیں '' کی انفرادیت یہ ہے کہ یہ اس وقت لکھی گئی جب ڈنمارک کے ایک چھوٹے سے اخبار نے رحمت عالم ﷺ کے ناپاک خاکے شائع کیے ۔ لیکن بعض اوقات غلط کاموں کے نتائج بھی عمدہ نکلتے ہیں ۔ سو اس معاملے میں بھی یہی کچھ ہوا۔ گستاخانہ خاکوں کے نتیجہ میں جہاں ڈنمارک کی مصنوعات کا بائیکاٹ ہوا وہیں اہل علم نے سوچنا شروع کیا کہ ایسا کیوں ہوا ہے ۔۔۔ ۔ ؟؟اس سوال پر دنیا بھر میں سیمینارز، مکالمات اور مذاکرات ہوئے جن کا خلاصہ یہ تھا کہ مسلمانوں نے سیرت کے پیغام کو مختلف اقوام کے لوگوں تک ان کی زبان میں پہنچانے کا حق ادا نہیں کیا۔

اس کے بعد سیرت نبوی کا دنیا بھر میں ایک نئے انداز سے چرچا ہوا ۔ ڈنمارک کے اخبار میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعد صرف دو سال کے اندر سیرت پاک پر جتنی کتابیں شائع کی گئیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔ یہی وہ موقع تھا جب '' دارالسلام انٹر نیشنل'' کے بانی عبدالمالک مجاہد نے سعودی عرب سے شائع ہونے والے اردو اخبار ''جدہ نیوز'' کے ایڈیٹر کو خط لکھا جس میں ان کو تجویز دی گئی کہ ''جدہ نیوز'' میں سیرت النبی ﷺ پر کالموں کی اشاعت شروع کی جائے۔

تجویز اچھی تھی اس لئے اخبار کی انتظامیہ نے اسے پذیرائی بخشی اور کالم لکھنے کا قرعہ فال عبدالمالک مجاہد کے نام نکلا ۔ عبدالمالک مجاہد کہتے ہیں اس کے بعد میرا بہت سا وقت سیرت پاک کے مطالعہ میں صرف ہوا۔ سیرت کی مختلف کتابیں ہوتیں اور میں ہوتا پھر مختلف واقعات کواپنے الفاظ میں ترتیب دے لیتا۔ اللہ تعالیٰ کی مدد سے قلم میں روانی آتی چلی گئی جب لکھنے بیٹھتا تو قلم تسلسل سے لکھتا چلا جاتا۔ یہ کالموں کاایک طویل سلسلہ تھا جو ہزاروں صفحات پر پھیلاہوا تھا۔ پیش نظر کتاب'' آفتاب نبوت کی سنہری شعاعیں '' انہی کالموں کاخوبصورت اختصار ہے۔ کالم لکھتے وقت اس بات کا بطور خاص التزام کیا گیا ہے کہ کوئی واقعہ موضوع یا غیر مستند نہ ہو ۔ یہ کتاب دارالسلام کے مرکزی شوروم ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لوئر مال سے حاصل کی جا سکتی ہے ۔

اخلاق نبوی کے سنہرے واقعات


اخلاق کے معانی بے حد وسیع ہیں۔ تمام اچھی صفات کے مجموعہ کا نام اخلاق ہے۔ دنیا کے انسانوں میں پائی جانے والی تمام اعلیٰ و ارفع صفات کو جمع کیا جائے اور پھر ان کا اللہ کے رسول ﷺ کی مبارک زندگی کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو ہمیں معلوم ہو گا کہ یہ تمام صفات اللہ کے رسول ﷺ کی ذات بابرکات میں بدرجہ اتم پائی جاتی ہیں ۔ سیرت نبی ﷺ کی کتابیں شائع کرنے میں دارالسلام انٹرنیشنل ایک بڑا نام ہے۔ اس موضوع پر دارالسلام اب تک کئی شاہکارکتابیں شائع کر چکا ہے۔ دارالسلام کے مینجنگ ڈائریکٹر عبدالمالک مجاہدکہتے ہیں جب میں نے اخلاق نبوی کو مدنظر رکھتے ہوئے سیرت پاک کا مطالعہ شروع کیا اور آپ ﷺ کے اخلاق کے حوالے سے واقعات کو جمع کرنا شروع کیا تو بہت سارے واقعات ملتے چلے گئے ۔

تاہم میں نے متعدد بار ایسی کتاب کی تلاش کی جس میں اخلاق نبوی ﷺ کے جملہ واقعات کو ایک جگہ جمع کیا گیا ہو ، متعدد علمائے کرام سے بھی یہی سوال کیا مگر ہر بار مجھے یہی جواب ملا کہ اخلاق کے حوالے سے واقعات تو ضرور ملتے ہیں لیکن یہ واقعات ایک ہی جگہ اکٹھے نہیں ملتے، چنانچہ اللہ کی توفیق سے میں نے نیت کی کہ اخلاق نبوی ﷺ کے سنہرے واقعات کو خود ہی ایک جگہ جمع کروں اور پھر ان واقعات کو سادہ انداز میں لکھ کر عامۃ الناس کے سامنے رکھوں اور ان سے کہوں: دیکھیں ! یہ تھے ہمارے پیارے رسول ﷺ ۔ زیرنظر کتاب میں اخلاق نبوی ﷺ کے ایک سو سنہرے واقعات کو جمع کیا گیا ہے۔ کتاب میں کوئی من گھڑت، موضوع، ضعیف واقعہ شامل نہیں بلکہ صرف انھی واقعات کو شامل کیا گیا ہے جو صحیح ہیں اور ان کا تذکرہ مستند کتابوں میں ہے۔ اس کتاب میں جو لکھا گیا اس کی علماء نے بھی خوب تحقیق و تخریج کی ہے ۔ دارالسلام نے طباعت کی عمدہ روایت کو برقراررکھتے ہوئے کتاب کو چارچاند لگا دیے ہیں ، نہایت ہی عمدہ طباعت دیدہ زیب سرورق اور عنوانات کی ترتیب ایسی خوبصورت ہے کہ دل بے اختیارکتاب کی طرف کھینچاچلا جاتا ہے ۔ ضروری ہے کہ ایسی عمدہ کتاب ہرگھر ، ہرلائبریری کی زینت بنے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ اس سے استفادہ کر سکیں ۔کتاب کی قیمت 1500روپے ہے۔کتاب حاصل کرنے کے لئے دارالسلام انٹرنیشنل نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، ، لوئر مال لاہور پر رابطہ کریں یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کیلئے درج ذیل نمبر 042-37324034 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اﷲ کے آخری نبی ﷺ


رسول ِ خدا ، محبوب مصطفی ﷺ کی محبت مسلمان کے لئے دنیا کی قیمتی ترین متاع ہے۔ آپ ﷺ کی پیروی میں ہی دین ودنیا کی کامیابی مضمر ہے ۔ یہ محبت اس وقت نقش کلحجر ہو جاتی ہے جب ہم اپنے بچوں کو ابتدا ہی میں سیرت رسول پڑھائیں ۔ پیش نظر کتاب اللہ کے آخری نبی ﷺ اسی نقطہ نظر سے لکھی گئی ہے ۔ یہ سیرت رسول ﷺ پر مختصر مگر جامع کتاب ہے جس کے مولف عبد المالک مجاہد ہیں۔ عبدالمالک مجاہد کا انداز بیاں سادہ ، شستہ اور شگفتہ ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بچوں کے ساتھ بڑے بھی ان کی کتابیں شوق اور دلچسپی کے ساتھ پڑھتے ہیں ۔

زیر نظر کتاب '' اللہ کے آخری نبی ﷺ '' بھی اپنے موضوع پر منفرد اور خوبصورت کتاب ہے ۔ یہ کتاب بچوں بچیوں کے دل واذہان میں پیارے نبی ﷺ کی محبت روشن کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی ان شاء اللہ ۔ یہ کتاب سیدنا ابراہیم ﷺ کی سیرت ، سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے ہاتھوں بتوں کی شامت ، سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی خوبصورت انداز میں قوم کو دعوت ِ توحید ۔ نبی ﷺ کی طرف سے اعلان نبوت ، خفیہ دعوت کا آغاز ، سر عام دعوت دینے کا حکم ، گستاخ ابولہب اور اس کی بیوی کا انجام، کفار کے مظالم ، سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا قبول ِ اسلام، ہجرت ِ حبشہ ، شعب ِ ابی طالب میں قید ، بائیکاٹ کا خاتمہ ، غم کا سال، طائف والوں کو اسلام کی دعوت ، ہجرت ِ مدینہ ، مسجد ِ نبوی کی تعمیر ، مواخات ِ مدینہ، یہودیوں اور منافقوں کی اسلام دشمنی ، قبلے کی تبدیلی، غزوہ بدر، غزوہ احد ، غزوہ خندق ، صلح حدیبیہ ، بادشاہوں کو خطوط ، خیبر کی فتح ، فتح مکہ، دشمنان جان و ایمان کے لئے معافی ، سفیان بن امیہ کا قبول اسلام ، عکرمہ بن ابو جہل اسلام کی آ غوش میں، غزوہ حنین، غزوہ تبوک ، حجتہ الوداع ، اللہ کے رسول ﷺ کی پاکباز بیویاں جیسے موضوعات پر مشتمل ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ یہ کتاب ایک سمندر ہے جسے نہایت دلنشین اور خوبصورت انداز میں ۔۔۔ ترتیب دیا گیا ہے۔ یہ کتاب ایسے ہے جیسے کوزے میں سمندر سمو دیا گیا ہو ۔ پیارے بچوں، بچیوں کے لئے یہ کتاب انتہائی مفید ہے ۔ آرٹ پیپر ، چہار کلر اور باتصویر کتاب کی قیمت 815 روپے ہے۔ یہ کتاب دار السلام کے مرکزی شوروم لوئر مال نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہورسے حاصل کی جا سکتی ہے۔ یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کے لئے درج ذیل نمبر 042-37324034 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

الصوۃ والسلام علی رسول اللہ


رسول ﷺ کے ساتھ محبت کاایک حق یہ بھی ہے کہ آپ ﷺ پر درودوسلام پڑھا جائے۔ نبی ﷺ پر درود وسلام بھیجنا بہت عظیم عمل ہے ۔ اس کی عظمت کا اندازہ اس سے کیا جا سکتا ہے کہ خالق کائنات اور اس کے فرشتے بھی نبی ﷺ پر درود بھیجتے ہیں اور اللہ اپنے نبی کے امتیوں سے بھی کہتا ہے کہ اے ایمان والو تم بھی درود وسلام بھیجا کرو ۔ دارالسلام انٹر نیشنل کی شائع کردہ پیش نظر کتاب '' الصلوۃ والسلام علی رسول اللہ ''۔۔۔ کے نام سے واضح ہے کہ اس میں نبی رحمت ﷺ پر درودوسلام اور اس سے متعلقہ فضائل بیان کئے گئے ہیں۔

یہ گرانقدر کتاب شیخ الاسلام شمس الدین ابوعبداللہ ابن قیم الجوزیہ کی عربی تالیف ''جلاء الافھہام فی الصلاۃ والسلام علی خیرالانام '' کااردو ترجمہ ہے۔ شیخ الاسلام ابن قیم کے تعارف میں اتناہی کہہ دیناکافی ہے کہ وہ شیخ الاسلام امام ابن تیمیہ کے شاگرد خاص ہیں۔ اس کتاب کا اردو ترجمہ سیرت النبی ﷺ پر لکھی گئی شہرہ آفاق کتاب '' رحمۃ اللعالمین '' کے مصنف قاضی محمد سیلمان منصور پوری مرحوم نے کیا ہے ۔ قاضی سلیمان مرحوم کے سلیس اور شستہ ترجمہ نے کتاب کی علمی افادیت میں اضافہ کر دیا ہے ۔ '' الصلوۃ والسلام علی رسول اللہ '' اپنے موضوع پر بامقصد اور جامع کتاب ہے جو کچھ ابواب پرمشتمل ہے۔ پہلے اور دوسرے باب میں ایسی احادیث درج ہیں جن میں رسول ﷺ پر درود شریف بھیجنے کے فضائل بیان کئے گئے ہیں۔

تیسرے باب میں درود شریف کی تشریح ، درود شریف کے معنی،درود شریف کی قسمیں ،صلوٰۃ اور رحمت میں فرق ، وجہ تسمیہ محمد ﷺ، اخلاق وعادات نبوی، نبی ﷺ کی تعظیم ، اسم محمد واحمدﷺ میں فرق، تورات اور انجیل میں اسم مبارک کا ذکر، ازواج مطہرات کا ذکر، ذریت کا معنی ومفہوم ، قرآن مجید میں بنی اسماعیل اور بنی اسرائیل کا ذکر، حمید ومجید پر درود شریف کے اختتام کا بیان ہے ۔ چوتھے باب میں درود خوانی کے مقام و محل کا بیان ہے۔ پانچویں باب میں درودشریف کے فوائد وثمرات اور فضائل بیان کئے گئے ہیں۔

چھٹے باب میں بھی درود وسلام کے فضائل بیان کئے گئے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اپنے موضوع پر یہ گراں قدر کتاب نہایت ہی منفرد اور لاجواب ہے کہ آج تک کسی نے اس انداز میں فضائل درود کے بارے میں نہیں لکھا ۔ دینی کتابوں کی اشاعت کے عالمی ادارہ '' دارالسلام انٹرنیشنل '' نے یہ کتاب نہایت دیدہ زیب سرورق اور خوبصورت پیپر پر شائع کی ہے۔ کتاب کی قیمت 850 روپے ہے۔ یہ گرانقدرکتاب دارالسلام کے مرکزی شو روم لوئرمال نزد سیکرٹریٹ سٹاپ سے طلب کی جا سکتی ہے۔ یاکتاب براہ راست منگوانے کے لئے درج ذیل فون نمبر 042-37324034 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

بچوں کیلئے سنہری سیرت سے منتخب واقعات


رسالت ماٰ ب ﷺ بچوں کے بھی رسول ہیں۔ آپ ﷺ بچوں کے ساتھ بے انتہا محبت فرمایا کرتے تھے ۔ جبکہ بچے بھی نبی رحمت ﷺ سے محبت کرتے اور آپ ﷺ پرجان قربان کرنے کیلئے تیار رہتے تھے۔ معوذ ومعاذ دو ننھے منے بچوں کی رسالت ماٰ ب کے ساتھ محبت اور جانثاری تاریخ اسلام کا ایک روشن باب اور ہمارے بچوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ آج ہم پر بھی بطور والدین فرض ہے کہ اپنے بچوں کے دل ودماغ میں نبی رحمت ، رسول معظم ﷺ کی اس طرح کی محبت و عقیدت راسخ کریں جو محبت معوذ و معاذ رضی اللہ عنھما کے والدین نے اپنے بچوں کے دلوں میں پیدا کی تھی ۔

اس کیلئے ضروری ہے کہ بچوں کو رسول پاک ﷺ کے واقعات سنائے جائیں اور ایسی کتابیں پڑھنے کیلئے دی جائیں جن میں نبی مکرم رسول رحمت ﷺ کی سیرت بیان کی گئی ہو ۔ زیر نظر کتاب '' بچوں کیلئے سنہری سیرت سے منتخب واقعات '' اسی پس منظر میں لکھی گئی ہے ۔ اس کتاب میں دلچسپ اور دیدہ زیب پیرائے میں سیرت النبی ﷺ بیان کی گئی ہے تاکہ بچے بچیاں نبی ﷺ کی پاکیزہ سیرت سے آگاہ ہو کر اسلامی اخلاق و کردار اپنا سکیں اور مروجہ لٹریچر کی آلودگی اور قباحتوں سے بچے رہیں جو انھیں افسانوی اور دیومالائی کہانیوں کی لت میں مبتلا کر کے اسلامی اخلاق سے آراستہ نہیں ہونے دیتا ۔ اس پاکیزہ مجموعے کو شرعی حدود کا خیال رکھتے ہوئے چہار رنگ تصویروں اور خاکوں سے مزین کیا گیا ہے تاکہ بچے تصاویر کے ذریعے سے واقعات کو سمجھیں اور اللہ کے رسول ﷺ کی سیرت سے واقف ہو سکیں ۔ تاہم کتاب میں اللہ کے نبی ﷺ یا کسی صحابی کو تصویر یا خاکے میں نہیں دکھایا گیا ۔

یہ کتاب 81 عنوانات پر مشتمل ہے اس کی ایک اہم خوبی یہ ہے کہ ہر عنوان کے آخر میں سوال و جواب بھی دیے گیے ہیں تاکہ بچے سوالات کے ذریعے ان واقعات کو یاد رکھ سکیں ۔ آرٹ پیپر پر شائع کردہ یہ کتاب مضمون کے اعتبار سے جتنی خوبصورت ہے طباعت کے اعتبار سے بھی بہت دلکش اور دیدہ زیب ہے۔4 کلر آرٹ پیپر اور دیدہ زیب سرورق کے ساتھ طبع شدہ کتاب کی قیمت 3250 روپے ہے۔ یہ کتاب دارالسلام کے مین شو روم نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لوئر مال لاہور پر دستیاب ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کیلئے درج ذیل فون نمبر 042-37324034 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

نوجوان نسل کے لیے پیارے رسول ﷺ کی سنہری سیرت


پیش نظر کتاب '' نوجوان نسل کیلئے پیارے رسول ﷺ کی سنہری سیرت '' عبدالمالک مجاہد کی نئی تالیف ہے۔ یہ کتاب کتب ِ سیرت میں ایک خوبصورت موتی کی طرح گرانقدر اضافہ ہے۔ موضوع جس قدر عظیم ہے عبدالمالک مجاہد نے اسی قدر بہتر طریقے سے اسے لکھنے کا حق ادا کیا ہے۔ یہ کتاب آپ ﷺ کی حیات مبارک کو مختصر طور پر پڑھنے کی خواہشمند نوجوان نسل کے لئے لاجواب اور بیمثال تحفہ ہے۔ کتاب مختصر ہونے کے باوجود سیرت النبی کے تمام پہلوئوں کا مکمل احاطہ کرتی ہے اس میں نبی ﷺ کی مبارک زندگی کے تمام گوشے خوبصورت طریقے سے بیان کئے گئے ہیں۔کتاب کا اسلوب نہایت دلچسپ اور عام فہم ہے جوکہ بطور خاص نوجوان نسل کالجوں، یونیورسٹیز اور دینی اداروں کے طلبہ وطالبات کے لئے نہایت مفید ہے۔

انداز بیاں میں سادگی اور روانی ہے تاکہ نوجوان نسل اسے دلچسپی سے پڑھے۔ سیرت النبی ﷺ ایک ایسا موضوع ہے جسے لکھنا، پڑھنا ، اس پر عمل کرنا ہمارے لئے سعادت ، عبادت اور خوش بختی کی علامت ہے۔ سیرت طیبہ کے ہدی خوانوں میں عبدالمالک مجاہد بھی ہیں ۔ وہ بہت سی کتابوں کے مصنف ہیں ان کا انداز بیاں سادہ ، دلنشیں اورعام فہم ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی کتابیں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں میں دلچسپی سے پڑھی جاتی ہیں اور دنیا کی بہت سی زبانوں میں شائع ہو چکی ہیں ۔ عبدالمالک مجاہد دینی کتابوں کی اشاعت کے عالمی ادارہ دارالسلام کے بانی ہیں۔ اس ادارے کو مختلف عالمی زبانوں میں سیرت النبی ﷺ پر سب سے زیادہ کتابیں شائع کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ جن میں ایک نیا اضافہ '' نوجوان نسل کیلئے پیارے رسول ﷺ کی سنہری سیرت '' ہے۔ یہ کتاب عبدالمالک مجاہد کے سیرت النبی ﷺ کے مسلسل تین سال کے مطالعہ کا ماحاصل ہے۔

عبدالمالک مجاہد کہتے ہیں کہ ''پیارے رسول ﷺ کی سنہری سیرت'' میں تمام واقعات مستند اور صحیح ہیں۔ یہ واقعات سیرت کی قابل اعتماد کتب سے نقل کئے گئے ہیں۔ قرآنی آیات ، احادیث اور دیگر عربی عبارات کے ترجمے کو لفظی ترجمے کی بجائے آسان ترین اور بامحاورہ ترجمے کی صورت میں لکھا گیا ہے۔ یہ کتاب اللہ کے نبی ﷺ کی زندگی کے روشن اور سبق آموز واقعات پر مشتمل ہے جس کے مطالعہ سے ہم دین ودنیا کی کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔کتاب کی قیمت 990 روپے ہے۔ یہ کتاب دارالسلام کے مین شوروم ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لوئر مال ، لاہور پر دستیاب ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کے لیے درج ذیل نمبر 042-37324034 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں