سندھ اسپورٹس بورڈ کے زیر انتظام دو روزہ اسٹریٹ چلڈرن اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد

صوبائی سیکریٹری نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کی تعریف کی اور ان کے اس اقدام کو سراہا


اسپورٹس رپورٹرز September 07, 2024

یوم دفاع کے حوالے سے سندھ اسپورٹس بورڈ کے زیر انتظام دو روزہ اسٹریٹ چلڈرن اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر (ضلع وسطی) حاجرہ نواب کے زیر انتظام منعقدہ فیسٹیول میں انفرادی اور اجتماعی مقابلے ہوئے۔

مہمان خصوصی صوبائی سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان جلال الدین مہر نے تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اور بالخصوص کراچی کے نوجوان فنی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں جنھیں صرف درست راستہ دکھانے کی ضرورت ہے جس پر سندھ حکومت ترجیحی بنیادوں کام کر رہی ہے۔ اسٹریٹ چلڈرنز بھی ہمارے ہی معاشرے کا حصہ ہیں جن کو مختلف شعبوں میں ماہر بنانا ہم سب کا فرض ہے تاکہ یہ بھی معاشرے کا کارآمد حصہ بن سکیں۔

صوبائی سیکریٹری نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کی تعریف کی اور ان کے اس اقدام کو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے کہا کہ ان کی صلاحیتوں کو ملکی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے حکومت ہر طرح سے کوشاں ہے اور کھیل کے شعبے میں یہ اسٹریٹ چلڈرن بھی ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، حکومت ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

پروگرام کی میزبان حاجرہ نواب نے کہا کہ انھوں نے اس فیسٹیول میں اسٹریٹ چلڈرنز کے پاس نہ وسائل ہیں اور نہ کوچنگ کا کوئی ذریعہ ہے، فیسٹیول ان کے لیے مشعل راہ ہوگا۔

آکٹاگون ڈائمنڈ گیمز کی فاتح اور گولڈ میڈلسٹ تائی کوانڈو آصفہ علی نے کہا کہ ان نوجوانوں کو صرف رہنمائی کی ضرورت ہے جو مستقبل میں اس فیسٹیول کی توسط سے پوری ہوگی۔

تقریب میں خاتون پائلٹ مصباح شرد الدین، یو سی چیئرمین ہلال سعید رحمانی، معروف مذہبی اسکالر مولانا امین انصاری سمیت کئی سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ آخر میں مہمان خصوصی نے انعامات و اسناد تقسیم کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔