ڈراپ ہونے پر شاہین آفریدی کا دل ٹوٹ گیا

ایک ٹیم آفیشل پیسر کو پسند نہیں کرتے، حالیہ فیصلے میں انہی کا اہم کردار ہے


Saleem Khaliq August 30, 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

ڈراپ ہونے پر شاہین آفریدی کا دل ٹوٹ گیا، وہ اپنے ساتھ مسلسل ناروا سلوک پر افسردہ ہیں، ذرائع کے مطابق ایک ٹیم آفیشل پیسر کو پسند نہیں کرتے، حالیہ فیصلے میں انہی کا اہم کردارہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں بنگلہ دیش سے میچ میں عبرتناک شکست کا ملبہ شاہین آفریدی پر گرا دیا گیا، وہ دوسرے ٹیسٹ کی ٹیم سے باہرہونے والے واحد کھلاڑی ہیں،12 رکنی اسکواڈ میں میر حمزہ اور ابرار احمد کو لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی بنگلا دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم سے ڈراپ

شاہین کو پہلے ٹیسٹ کے بعد نومولود بچے سے ملاقات کیلیے کراچی جانے کی اجازت دی گئی، انھیں 2 دن بعد ہی راولپنڈی واپس بلوا لیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق گذشتہ روز جب شاہین کو ٹیم مینجمنٹ نے ڈراپ کرنے کا بتایا تو وہ حیران رہ گئے، انھیں سمجھ نہیں آیا کہ اگر کھلانا نہیں تھا تو واپس کیوں بلوایا گیا۔

اس سے قبل شاہین کو صرف ایک سیریز میں شکست پر ٹی ٹوئنٹی قیادت سے الگ کر دیا گیا تھا، ان کے بولنگ ایکشن اور رفتار پر بھی سوال اٹھائے جا چکے، حال ہی میں وہ ٹیسٹ کی نائب کپتانی سے بھی محروم ہو گئے۔

مزید پڑھیں؛ بنگلا دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کیلیے پاکستانی اسکواڈ میں 2 اہم کھلاڑی شامل

ذرائع کے مطابق ان تمام باتوں کا شاہین پر خاصا منفی اثر پڑا ہے، انھوں نے لیگز کے معاہدے چھوڑ کر ٹیسٹ کرکٹ کیلیے دستیابی ظاہر کی لیکن ڈراپ کر کے انھیں سخت پیغام دیا گیا، ذرائع نے مزید بتایا کہ قومی ٹیم کی مینجمنٹ کے ایک رکن شاہین آفریدی کو پسند نہیں کرتے، بنگلہ دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کرنے میں بھی ان کا اہم کردار ہے۔

میچ میں کسی بھی کھلاڑی کی کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن صرف شاہین کو ہی نشانہ بنایا گیا جس پر وہ ناخوش دکھائی دیتے ہیں۔ یاد رہے کہ دوسرے ٹیسٹ کا آج آغاز ہوگا، سیریز برابر کرنے کیلیے پاکستان کو لازمی فتح درکار ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں