یوٹیلیٹی اسٹورز کارپویشن کے ملازمین کا تیسرے روز بھی دھرنا
ممکنہ بندش کے خلاف ملازمین نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ہیڈ آفس کے باہر دھرنا دیا ہوا ہے
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کا اپنے ادارے کی بندش کیخلاف احتجاجی دھرنا آج بھی اسلام آباد میں جاری رہا، مظاہرین کو ریڈزون میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے پولیس کے سخت انتظامات کیے جبکہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے قائدین بھی شرکا سے اظہار یکہجتی کیلیے پہنچے۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کا گزشتہ تین روز سے اسلام آباد میں اپنے ادارے کے ہیڈآفس کے باہر احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے یوٹیلیٹی اسٹور بند کر کے ہمارا روزگار چھینا جارہا ہے، اس مہنگائی میں گزارا مشکل ہے تو بندش کے بعد گزر بسر کیسے کریں گے؟
ملازمین نے پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے پیش قدمی کی تو ایکسپریس چوک پر انہیں پولیس نے روکا اور ریڈ زون میں داخل ہونے سے خبردار کیا۔ اس کے علاوہ پولیس نے ایکسپریس چوک میں کنٹینرز کھڑی شاہراہ کو بلاک کیا اور آنسوگیس شیلنگ کرنے والے دستے کو الرٹ کردیا۔
ملازمین کا کہنا ہے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ ملازمین سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ اور تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم بھی پہنچے اور اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے تنہا نہ چھوڑنے کا اعلان کیا۔