پاکستان کا نوجوان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا یوتھ کنونشن سے خطاب


خالد محمود August 20, 2024
فوٹو- فائل

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا نوجوان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے اور مثبت تبدیلی کا باعث بننے کی اہلیت رکھتا ہے۔

یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوے اسحاق ڈار نے کہا کہ تعلیم ہر بچے اور نوجوان کا حق ہے اور اسی سے ملک کا مستقبل روشن ہو گا اسحاق ڈار نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سیکھنے کے عمل کو ہمیشہ جاری رکھیں اور تخلیق اور تعلیم کے امتزاج کو اپنا کر ترقی کے نئے راستے تلاش کریں۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد میں ہمارا مستقبل ہے اور نفرت کو دفن کر دینا چاہیے۔ اپنے دورہ بلوچستان کا ذکر کرتےہوئے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ وہاں بتایا گیا کہ کچھ بلوچ ناراض ہیں، لیکن میں کہتا ہوں کہ کوئی اپنی دھرتی ماں سے ناراض نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے زور دیا کہ اپنے مسائل کا حل مل بیٹھ کر تلاش کریں، اور ناراضگی کے نام پر دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔اسحاق ڈار نے نوجوان نسل کو محنت کو اپنی ترجیح بنانے کی تلقین کی اور کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بہت سی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے قیام کا مقصد بھی نوجوانوں کو بااختیار بنانا قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان تعلیم، ہنرمندی، اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

انہوں نے 1998 میں پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور قومی مفاد ہمیشہ ہماری پہلی ترجیح رہی ہے، اس وقت ہمیں بے پناہ چیلنجز کاسامنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں